پاڈر میں فوج اور پولیس کا شبانہ بچائو آپریشن | دریائے چناب میں پھنسے دو نوجوانوں کو 6گھنٹے بعد بچالیاگیا

عاصف بٹ
کشتواڑ// ضلع کشتواڑ کے سب ڈویژن پاڈر میں سنیچر کی دیر شام دریائے چناب میں پھنسے دو افراد کو فوج اورپولیس نے قریباً چھ گھنٹے کی کڑی مشقت کے بعد دیر رات نکال لیا۔ یہ واقعہ پاڈر کے شول علاقہ میں سنیچر کی شام چھ بجے پیش آیا جسکے بعد فوج اور کشتواڑ پولیس نے دریائے چناب میں پھنس جانے والے دو نوجوانوں کو بچانے کے لیے فوری کارروائی عمل میں لائی ۔ سنیل کمار و ببلو نامی دو نوجوان اپنی جے سی بی  کے ہمراہ دریائے چناب عبور کرنے کی کوشش میں پھنس گئے جسکے بعد سول انتظامیہ کو واقعہ کی اطلاع ملی اور فوج کی 17 آر آر کے سپاہی موقع پر پہنچ گئے اورریسکیوآپریشن شروع کیا گیا۔ دریا میںپانی کی سطح مسلسل بڑھ رہی تھی اور دریا کے تیز بہاؤ نے ریسکیو آپریشن میں مزید مشکلات پیدا کر دیں۔ دو فوجی اہلکاروں نے پل کی سیدھ میں بندھے ہوئے رسی کا استعمال کرکے دریا کو پار کرنے کی کوشش کی۔ نوجوان جے سی بی کے کیبن سے باہر آئے اور چھت پر انتظار میں بیٹھ گئے۔ لگ بھگ پانچ گھنٹے تک ریسکیو آپریشن جاری رہا اور بالآخر دونوں نوجوانوں کو رات کی تاریکی میں بچا لیا گیا جس پر مقامی لوگوں نے فوج ، پولیس، گریف کی کوششوں کی تعریف کی۔    

 

 

 

نہانے کے دوران دریائے چناب میں دو نوجوانوں کے ڈوبنے کا خدشہ

بچائو اور تلاشی کاروائیوں کے باوجود ڈوبے نوجوانوں کا کوئی پتہ نہ چل سکا:ایس ایچ او رام بن 

محمد تسکین

بانہال//دریائے چناب پر واقع قصبہ رام بن اور ضلع ہیڈکوارٹر میترا رام بن کو ملانے والے جولا پل کے قریب نہانے کے دوران دو نوجوانوں دریائے چناب میں نہانے کے دوران ڈوب گئے ہیں اور پانی کے تیز بہائو کی وجہ ان کے بچنے کے امکانات نا کے برابر ہیں۔ اس سلسلے میں پولیس اور سول کیو آر ٹی رام بن کے رضاکاروں نے بچائو کاروائیوں کا آغاز کیاہے تاہم اتوار کی شام تک ان کا کوئی پتہ نہیں چل پایا ہے۔ ایس ایچ او رام بن سندیپ چاڑک نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ دونوں نوجوان رام بن قصبہ میں جولا پل کے قریب نہانے کے دوران دریائے چناب میں ڈوب گئے اور خدشہ ہے کہ وہ پانی کے تیز اور گہرے بہائو میں بہہ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نے بڑے پیمانے پر ان کی تلاش کیلئے کاروائی شروع کی ہے تاہم اس بارے میں اتوار شام تک بچائو ٹیموں کو کوئی کامیابی حاصل نہیں ہوئی۔پولیس نے دریائے چناب میں ڈوبے نوجوانوں کی شناخت پندرہ سالہ نتیش کمار ولد کشور لعل اور سولہ سالہ نوجوان پرویندر سنگھ ولد سورم سنگھ ساکنان  دیار گلی تحصیل راج گڑھ رام بن کے طور کی ہے۔