پاڈر۔ تتہ پانی سڑکوںکی حالت انتہائی خستہ | علاقہ کی عوام انتظامیہ سے برہم ،فوری مرمت کا مطالبہ

کشتواڑ//ضلع کشتواڑ کی سب ڈویژن پاڈر کی کنڑل پنچایت کے علاقہ تتہ پانی کی عوام انتظامیہ کے خلاف سخت ناراض ہے اور عوام احتجاج کرنے پر مجبور ہورہی ہے۔ کشتواڑ پاڈر کو جوڑنے والی سڑک سے چند کلومیٹر کی دوری پر واقع اس علاقہ کی سڑک کئی سال گزجانے کے بعد بھی تعمیر نہ ہوسکی۔ تتہ پانی کا علاقہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے جہاں اس علاقہ میں قدرتی گرم پانے کے چشمے ہیں وہیں ہر سال ہزاروں کی تعداد میں لوگ اس علاقے کا دورہ کرتے ہیں۔علاقہ کے سابق سرپنچ اوم کار نے بتایاکہ علاقہ میں کئی مسائل ہیں جبکہ اہم مسئلہ سڑک کا ہے  جسکے سبب عوام کو سخت مشکلات آرہی ہیں۔ بارشوں کے دوران اس پر پیدل چلنا تک دشوار ہوجاتا ہے جبکہ سڑک کی تعمیر 2017 سے ہورہی ہے اور نہ ہی ڈرینج سسٹم کا کوئی نظام تعمیر ہوا ہے اور آج تک اسے مکمل نہ کیا گیا جبکہ کی لوگوں کو ہنوز معاوضہ فراہم نہ کیا گیا۔اگرچہ انھوں نے مسلے کو متعلقہ افسران و سب ڈویژن پاڈر انتظامیہ کی نوٹس میں بھی لایا لیکن انکی کوئی نہیں سنتا۔خاتون ببیتہ نے بتایا کہ علاقہ کی بیمار خاتون کو ہسپتال تک لیجانے میں کن مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے وہ صرف وہ خواتین و انکے گھر والوں کو ہی علم ہے۔ انھوں نے بتایا کہ اگر جلد اس سڑک کی تعمیر نہ ہوئی تو وہ مرد و خواتین کے ہمراہ سڑکوں پر احتجاج کریں گے۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ سڑک پر جگہ جگہ سے پتھر گرے ہیں اور متعدد مقامات پر زمین دھنس گئی ہے لیکن اسطرف کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے اور جن لوگوں نے سڑک کی تعمیر کیلئے زمین دی انہیں معاوضہ نہیں دیا گیا جبکہ انکے پاس یہی سہارا تھا ۔انھوں نے انتظامیہ سے جلد انکی مشکلات کا ازالہ کرنے کو کہا۔