پانی کی قلت پر قابو پانے کیلئے متحرک ہوجائیں:فاروق شاہ

سرینگر//سیکریٹری پی ایچ ای ، آبپاشی و فلڈ کنٹرول فارو ق احمد شاہ نے سنیچر کو ایک میٹنگ کے دوران وادی میں چند دنوں سے درجہ حرارت میں کمی کے باعث پینے کے پانی کی قلت کے مسئلے سے نمٹنے کے اقدامات کا جائزہ لیا۔میٹنگ میں چیف انجینئر پی ایچ ای کشمیر عبدالواحد اور کئی دیگر افسروں نے بھی شرکت کی۔سیکریٹری موصوف نے محکمہ کے انجینئروں کو ہدایت دی کہ وہ اپنے اپنے سٹیشنوں پر موجود ہ صورتحال سے مقابلہ کر کے لوگوں تک پانی پہنچانے میں کوئی بھی دقیقہ فرو گذاشت نہ کریں۔فاروق احمد شاہ نے اس موقعہ پر پی ایچ ای اور آبپاشی و فلڈ کنٹرول کے تمام افسروں کی رُخصتیاں پانی کی قلت دُور ہونے تک رد ّکرنے کے احکامات صادر کئے ۔ ملازمین سے کہا گیا ہے کہ وہ فوری طور سے ڈیوٹی پر حاضر ہوجائیں بصورت دیگر ان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔انہوں نے افسروں کو ہدایت کہ وہ اپنے اپنے دفاتر میں کنٹرول روم قائم کریں تاکہ لوگوں کی راحت رسانی ہوسکیں۔ اُنہوں نے افسروں پر زور دیا کہ وہ ایک کٹنجنسی پلان تیار کریں تاکہ لوگوں کو پینے کا پانی مہیا ہوسکے۔انہوںنے کہا کہ اس کام کے لئے واٹر ٹینکوں کو بروئے کار لانا جا نا چاہیئے۔ دریں اثنا سیکرٹری موصوف نے پی ایچ ای ڈویژن ہنڈواڑہ اور نارہ بل کا بھی دورہ کیااور پی ایچ ای ڈویژن ہندواڑہ کے چار ملازمین کو معطل کیا۔ ا س کے علاوہ ناربل میں ڈیوٹی سے غیر حاضر رہنے کی پاداش میں تین ملازمین کو معطل کیا گیا۔