پانی اوربجلی کی عدم دستیابی

بانڈی پورہ+ٹنگمرگ//بانڈی پورہ ضلع میں ماہ صیام کے پہلے ہی روز پانی اور بجلی کی عدم دستیابی کے خلاف لوگ سڑکوں پر آئے۔بانڈی پورہ قصبہ کے پیر محلہ، آہنگرمحلہ ،وارڈنمبر 2،خان محلہ ،نوپورہ اور دیگر محلہ جات میں رہائش پذیر لوگوں نے بتایا کہان علاقوں میںپینے کا پانی نایاب ہوچکاہے ۔دراز محلہ گرورہ کے زن ومردنے پینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی کے خلاف احتجاج کیا۔احتجاجی مظاہرین نے سرینگر بانڈی پورہ شاہراہ دھرنا دیکر محکمہ پی ایچ ای اور ضلع انتظامیہ بانڈی پورہ کے خلاف زبردست نعرے بازی کی ۔ لانکریشی پورہ کے لوگوں نے بجلی کی عدم دستیابی کے خلاف جلوس کی صورت میں ڈپٹی کمشنر دفتر پہنچ کر احتجاج کیا۔انہوں نے مانگ کی کہ ماہ رمضان میں بجلی سپلائی باقاعدگی کے ساتھ بحال رکھی جائے۔دریں اثناء ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کمشنر بانڈی پورہ محمد یوسف میر نے ایگزیکٹیو انجینئر پی ڈی ڈی اور پی ایچ ای بانڈی پورہ کو ہدایت دی کہ فوری طور پر بجلی اور پانی کی سپلائی بحال کی جائے۔ ٹنگمرگ میں سحری کے وقت بجلی نہ ہونے سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ٹنگمرگ بازار کے ساتھ ساتھ مہاین ،فیروزپورہ،درنگ، قاضی پورہ، سون، سولندہ اور کٹی پورہ میں سحری کے وقت بجلی کٹوتی کرنے پر مقامی لوگوں نے برہمی کا اظہار کیا ہے۔ مقامی لوگوں نے گورنر انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ ماہ رمضان بالخصوص سحری اور افطار کے وقت بجلی سپلائی بنا خلل فراہم کی جائے۔