پانڈورانگ پولےجموں کشمیر کے چیف الیکٹورل افسرمقرر

 بلال فرقانی

سرینگر//الیکشن کمیشن آف انڈیا نے ڈویژنل کمشنرکشمیر ،پی کے پولے کو جموں و کشمیر کے چیف الیکٹورل آفیسر کے طور پر تقرری کی منظوری دے دی ہے۔اس سلسلے میں الیکشن کمیشن آف انڈیا کے پرنسپل سیکرٹری راہول شرما کی جانب سے 31 جنوری2023کو ایک نوٹیفکیشن زیر نمبر 154/J&K/2022-P.Admnجاری کی ہے۔اس نوٹیفکیشن میں موصوف پرنسپل سیکرٹری نے لکھاہے کہ پی کے پولے (AGMUT-2004) کوآئی اے ایس ہردیش کمار کی جگہ جموں و کشمیر کے چیف الیکٹورل آفیسر کے بطور تعینات کیا جاتاہے۔الیکشن کمیشن کے حکم کے مطابق، پولے چیف الیکٹورل افسر کے طور پر کام کرتے ہوئے حکومت جموں و کشمیر کے تحت ان امور کے تمام چارج سے فوری طور پر فارغ ہوںگے، جو عہدہ سنبھالنے سے پہلے ان کے پاس تھے۔حکم نامہ میں کہا گیا ہے ’’پانڈورنگ پولے چیف الیکٹورل آفیسر کے طور پر کام کرتے ہوئے، جموں و کشمیر حکومت کے تحت کوئی بھی اضافی چارج نہیں سنبھالیں گے ،سوائے اس کے کہ انہیں ریاستی سیکرٹریٹ میں الیکشن ڈیپارٹمنٹ کے انچارج کا سیکرٹری نامزد کیا جائے۔خیال رہے چیف الیکٹورل افسر کاعہدہ ہردیش کمار کے سینٹرل ڈیپوٹیشن پر جانے اور الیکشن کمیشن آف انڈیا میں تعینات ہونے کے بعد خالی پڑا تھا۔