پانچ رافیل جنگی طیارے ہندوستانی فضائیہ میں شامل

انبالہ// ہندوستانی فضائیہ کی کارکردگی کو مزید بہتر کرنے کے لئے بدھ کو پانچ رافیل جنگی طیارے ہندوستان پہنچ گئے۔ فرانس کی جنگی طیارہ ساز کمپنی دساں کے ساتھ نریندر مودی حکومت نے 36 رافیل جنگی طیارے خریدنے کے لئے 59 ہزارکروڑ روپے کا سودا کیا تھا اور پہلی کھیپ کے طور پر پانچ طیارے آج یہاں پہنچ گئے۔ دوسری کھیپ میں پانچ اور رافیل اگلے کچھ مہینوں میں آجائیں گے۔ امید ہے کہ 2022 تک سبھی 36 رافیل ہندوستان کو مل جائیں گے۔ ان طیارہ کو فضائیہ کے گولڈن ایرو 17 اسکوارڈن میں شامل کیا جائے گا۔
فرانس نے گزشتہ برس اکتوبر میں پہلا رافیل طیارہ ہندوستان کے حوالے کیا تھا اور اس تقریب میں شامل ہونے کے لئے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ وہاں گئے تھے۔
رافیل کی پہلی کھیپ کو فرانس سے ہندوستان لانے کی قیادت گروپ کیپٹن ہرکریت سنگھ نے کی ہے۔ رافیل جنگی طیارہ اس وقت دنیا میں سب سے جدیدترین جنگی طیارہ مانا جاتا ہے۔ گلوان میں ہندوستانی فوجیوں اور چینی فوجیوں کے تصادم کے بعد پڑوسی ملک کے ساتھ رشتوں کے پیش نظر ان طیارہ کی اہمیت دوچند ہوگئی ہے۔
رافیل جنگی طیاروں کے اڑانے کے ساتھ ساتھ اس کی رکھ رکھاو¿ کے لئے بھی فضائیہ کے افسران اور انجینئروں نے کئی مہینے فرانس میں رہ کر تربیت حاصل کی ہے۔
پہلی کھیپ میں پانچ رافیل جنگی طیاروں میں تین ایک اور دو ڈبل سیٹ والے ہیں۔ رافیل کا کمبیٹ ریڈیس3700 کلومیٹر ہے۔ کمبیٹ ریڈیس وہ دائرہ ہوتاہے کہ جس میں جہاز اپنے اڑنے کی جگہ سے جتنی دور جاکر کامیابی کے ساتھ حملہ کرکے لوٹ سکتا ہے۔