پانپور حملے میں لشکر جنگجو ملوث، حملہ آور وں کی شناخت ہوگئی:آئی جی پی

سرینگر//انسپکٹر جنرل آف پولیس، کشمیر وجے کمار نے پیر کے روز کہا کہ پانپور حملے میں جن موٹر سائیکل سوار دو جنگجوﺅں نے فورسز پر حملہ کیا اُن کی شناخت ہوگئی ہے اور اُن کا تعلق لشکر طیبہ سے ہے۔
نیوز ایجنسی کے این او کے مطابق وجے کمار نے کہا کہ دو موٹر سائیکل سوار جنگجوﺅں نے کنڈی زال پانپور کے قریب سی آر پی ایف اہلکاروں کی ایک پارٹی پر اندھا دھند گولیاں چلاکر دو اہلکاروں کو ہلاک اور تین کو زخمی کردیا۔
انہوں نے کہا یہ حملہ سیف اللہ نامی ایک پاکستانی جنگجو نے کیا جس کے ساتھ ایک مقامی جنگجو بھی شامل تھا ۔آئی جی کے مطابق دونوں کو ڈوھونڈ نکالنے کیلئے کارروائی جاری ہے ۔
انہوں نے کہا کہ جنگجو ہائی وے پر حملہ کرنا آسان سمجھتے ہیں کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ وہاں گاڑیوں کی کافی نقل و حمل رہتی ہے۔ اگر فورسز بھی اندھا دھند گولیاں چلاکر جوابی کارروائی کریں تو کافی ہلاکتیں ہوسکتی ہیں۔
آئی جی نے اونتی پورہ میں ایک اور جنگجو حملے کے بارے میں بتایا کہ پری ناڈاونتی پورہ علاقے میں جنگجوﺅں اور فورسز کا آمنا سامنا ہوا جس کے بعد طرفین میں گولیوں کا تبادلہ بھی ہوا لیکن ابتدائی فائرنگ کے بعدسے طرفین کا سامنا نہیں ہوا۔