پاندو شن کانجی اولر شوپیان میں شبانہ تصادم

شاہد ٹاک
 شوپیان// پہاڑی ضلع شوپیان کے ایک گائوں میں ملی ٹینٹوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان خونریز شبانہ تصادم آرائی  کے دوران 2شہری اور ایک فوجی اہلکار زخمی ہوئے۔ ایک شہری کی حالت نازک قرار دی جارہی ہے اور انہیں ہیلی کاپٹر کے ذریعہ بادامی باغ اسپتال لایا گیا۔ادھر اس سے قبل ہف شرمال علاقے میںدو ملی ٹینٹوں کی موجودگی کے بعد بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن کیا گیا۔ لیکن وہاں کوئی تصادم نہیں ہوا۔ پولیس نے بتایا کہ پاندو شن کانجی اولر شوپیان نامی گائوں میں2یا 3ملی ٹینٹوں کی موجودگی کی اطلاع ملی جس کے بعد شام ساڑھے 7بجے34آر آر،14بٹالین سی آر پی ایف اور سپیشل آپریشن گروپ نے بستی کا محاصرہ کیا اور تلاشی کارروائی شروع کی۔پولیس کا کہنا ہے کہ گائوں میں روشنی کا انتظام کیا گیا اور ٹھیک ساڑھے 8بجے ملی ٹینٹوں نے تلاشی پارٹی کو نشانہ بنانے کی غرض سے فائرنگ شروع کی جس کے دوران سنجیو داس نامی ایک فوجی اہلکار زخمی ہوا اور فائرنگ کے تبادلے کے دوران 2شہری بھی زخمی ہوئے جن میں سے ایک کی حالت نازک قرار دی جارہی ہے۔ دونوں شہریوں کو بادامی باغ منتقل کردیا گیا ہے۔گائوں میں طرفین کے درمیان رات دیر گئے تک فائرنگ کا تبادلہ جاری تھا۔ادھرہف شرمال گائوں میں بھی فورسز نے آپریشن کیا تھا،۔مقامی لوگوں کے مطابق فوج کی 44 آر آر،  14بٹالین سی آر پی ایف اور پولیس نے پیر کی صبح 10 بجے کے قریب ہف شرمال گائوں کو ملی ٹینٹوں کی موجودگی کی اطلاع موصول ہونے کے بعد محاصرے میں لیا اور گائوں کے داخلی و خارجی راستوں پر پہرے بٹھا کر گھر گھر تلاشی آپریشن شروع کیا۔ ایک رہائشی مکان میں فورسز کو خدشہ تھا کہ یہاں ملی ٹینٹ چھپے ہوسکتے ہیں جسکے بعد فورسز اہلکاروں نے مشکوک گھر کے نزدیک لاؤڈ سپیکروں پر ملی ٹینٹوںسے خودسپردگی کرنے کی اپیل کی۔ تاہم گھر کے اندر سے کوئی جواب نہیں آیا۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ علاقے میں فورسز اہلکاروں کی کافی تعداد موجود تھی اور سہ پہر تک فورسز اہلکار گائوں میں گشت کررہے تھے۔ تاہم 4 بجکر 45 منٹ پر فورسز اہلکاروں نے بستی کو خالی کیا اور محاصرہ اٹھایا۔پولیس ذرائع کے مطابق انہیں ہف شرمال میں دو عسکریت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع موصول ہوئی تھی جسکے بعد تلاشی آپریشن شروع کیا گیا، تاہم اطلاع مصدقہ نہیں تھی یا ملی ٹینٹ محاصرہ ہونے سے قبل ہی فرار ہوچکے تھے۔