پانتہ چھوک بس اسٹینڈ میں دھماکہ

 سرینگر//شہر کے مضافاتی علاقہ پانتھ چوک کے جنرل بس اسٹینڈمیں اُس وقت افراتفری پھیل گئی جب وہاں ایک زوردار دھماکے کی آواز سنی گئی۔ بس اسٹینڈ پانتھ چوک میں بدھ کی صبح صفائی انجام دینے کے بعد کچھ خاکروبوں نے کوڑا کرکٹ کی ایک بڑی مقدار ایک ہی جگہ جمع کرکے اس میں آگ لگادی۔کچھ دیر بعد گندگی کے اس ڈھیر سے ایک زوردار دھماکہ ہوا جس کی آواز دور دور تک سنی گئی۔ اس واقعہ میں اگر چہ کوئی زخمی نہیں ہوا، تاہم دھماکے کے ساتھ ہی بس اسٹینڈ اور نزدیکی بازاروں میں اتھل پتھل کے بیچ لوگوں کو اَدھر اُدھر بھاگتے دیکھا گیا ۔تاہم سرینگر جموں شاہراہ پرٹریفک کی روانی متاثر نہیں ہوئی۔واقعہ کے فوراً بعد پولیس اور نیم فوجی دستوں کے افسران جائے واردات پر پہنچے اور بس اسٹینڈ کے مختلف حصوں کا جائزہ لیا ۔فوری طور پر یہ واضح نہیں ہوسکا کہ دھماکہ کیسے ہوا؟پولیس کے ایک آفیسر نے دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اس بات کا پتہ لگانے کی کوشش کی جارہی ہے کہ کوڑا کرکٹ کے ڈھیر میں ایسی کونسی شئے تھی جو دھماکے کا سبب بنی۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں پولیس کے متعلقہ ماہرین نے بھی جائے واردات کا تفصیلی جائزہ لیا۔