سرینگر//جنگجوئوں نے سرینگر بائی پاس چوک پر پانتھ چوک میں دہلی پبلک اسکول کے نزدیک سی آر پی ایف گاڑیوں پر گھات لگا کر حملہ کیا جس کے نتیجے میں ایک سی آر پی ایف افسر موقعہ پر ہی ہلاک جبکہ ایک شہری سمیت 3اہلکارشدید طورپر زخمی ہوئے ۔پولیس کا کہنا ہے کہ جنگجودہلی پبلک اسکول کی طرف فرار ہوئے جنہیں تلاش کرنے کیلئے عمارت کو پوری طرح سے محاصرے میں لیا گیا ہے۔اس موقعہ پر معمولی فائرنگ ہوئی جس کے بعد فائرنگ رک گئی۔سرینگر میں جنگجویانہ حملوں کے حوالے سے ہائی الرٹ کے بیچ پانتھ چوک بائی پاس کے نزدیک جنگجوئوںنے سی آر پی ایف کی ایک کانوائے پر حملہ کیا۔سنیچر کی سہ پہر ہوئے اس حملے کے دوران گولیوں گن گرج کی وجہ سے پورا علاقہ لرز اٹھا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ جنگجوئوںنے لگاتار دس منٹ تک سی آر پی ایف گاڑیوں پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں دو افسران سمیت تین اہلکار شدید طورپر زخمی ہوئے، جن میں گاڑی کا ڈرائیور نثار احمد بھی شامل ہے۔ اگر چہ انہیں فوری طورپر فوجی اسپتال منتقل کیا گیا تاہم ڈاکٹروں نے 29بٹالین سی آر پی ایف کے سب انسپکٹر سہاب شکلا ساکن گورکھپور کو مردہ قرار دیا ۔سی آر پی ایف گاڑی پر حملے کے بعد پولیس وفورسز کی بھاری جمعیت نے پانتھ چوک علاقہ کو محاصرے میں لے کر جنگجو مخالف آپریشن شروع کیا ۔خصوصی کمانڈوز نے دہلی پبلک اسکول عمارت کے ارد گرد پہرے بٹھا دئے اور فورسز کو شک ہے کہ 2سے 3جنگجوئوںنے کسی عمارت میں پناہ لی ہے۔فائرنگ کے اس واقعہ میں ایک عام شہری جس کی فوری طورپر شناخت نہیں ہو سکی بھی شدید طورپر زخمی ہوا جسے فوری طورپر نزدیکی اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ سی آر پی ایف ترجمان راجیش یادو نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ 2سے 3جنگجوئوںنے دہلی پبلک اسکول پانتھ چوک کے نزدیک سی آر پی ایف گاڑیوں پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں ایک اہلکار موقعے پر ہی ہلاک ہوا۔ سی آر پی ایف ترجمان کے مطابق فورسز نے بھی جوابی کارروائی شروع کی جس کے بعد جنگجو دہلی پبلک اسکول کی طرف فرار ہوئے جنہیں تلاش کرنے کیلئے عمارت کے اردگرد پہرے بٹھا دئے گئے ہیں اور ممکنہ طور پر وہ اسکول کی کسی عمارت میں چھپے بیٹھے ہیں‘‘۔
پانتھ چوک میں سی آر پی ایف کانوائے پر حملہ،سب انسپکٹر ہلاک،3زخمی
