پالی ٹیکنک کالجوں کی تعمیر کیلئے 181.72 کروڑ روپے واگذار

 جموں//گورنر کے مشیر خورشید احمد گنائی اور کے کے شرما نے ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں ریاست کے مختلف علاقوں میں مرکزی سکیم کے تحت قایم کئے جا رہے پالی ٹیکنک کالجوں کی تعمیر کے کام کا جائیزہ لیا ۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ مختلف پال ٹیکنک کالجوں کی تعمیر کیلئے 181.72 کروڑ روپے واگذار کئے گئے ہیں جس میں سے دسمبر 2018 تک 180.71 کروڑ روپے خرچ کئے جا چکے ہیں ۔ میٹنگ میں مزید بتایا گیا کہ ادہم پور، بانڈی پورہ ، کپواڑہ اور رام بن کے پالی ٹیکنک کالجوں کے تدریسی اور انتظامی بلاکوں کا کام تکمیل کے آخری مراحل میں ہے جبکہ کشتواڑ ، شوپیاں اور ڈوڈہ کے پالی ٹیکنک کالجوں کی تعمیر کا کام دسمبر 2019 تک مکمل کیا جائے گا ۔ پونچھ ، بارہمولہ ، راجوری اور پلوامہ کے پالی ٹیکنک کالجوں پر بھی کام جاری ہے ۔ میٹنگ میں مزید بتایا گیا کہ اننت ناگ ، گاندر بل ، سانبہ ، کٹھوعہ ، کلگام ، ریاسی اور بڈگام کے پالی ٹیکنک کالجوں کو رہایشی عمارتوں سے منتقل کر کے نئی تعمیر شدہ عمارتوں میں قایم کیا گیا ہے ۔ مشیروںنے ان تمام کالجوں کو موجودہ صورتحال کے بارے میں تفصیلات طلب کرتے ہوئے رقومات کے منصفانہ استعمال پر زور دیا ۔ دونوں مشیروں نے ان پالی ٹیکنک کالجوں کی تعمیر کے کام کو وقتِ مقررہ کے اندر مکمل کرنے کیلئے مختلف محکموں کے مابین قریبی تال میل اور تعمیر کے کام میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے پر زور دیا ۔ میٹنگ میں کمشنر سیکرٹری تعمیراتِ عامہ خورشید احمد شاہ ، سیکرٹری سکولی تعلیم اجیت کمار ساہو اور جے کے پی سی سی کے منیجنگ ڈائریکٹر ایم راجو کے علاوہ دیگر کئی افسران موجود تھے ۔