پالی تھین سے پاک جموں | میئر جے ایم سی اور چیف سیکرٹری نے بیداری واک تھون کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا

جموں//جموں میونسپل کارپوریشن کی جانب سے پریڈ گرائونڈ جموں میں واک کاتھون کا اِنعقاد کیا گیا۔

 

میئر جموں میونسپل کارپرویشن راجندر شرما اور چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے واک کاتھون کو ہری جھنڈی دِکھا کر روانہ کیا۔اِس تقریب کا اہتمام اَمر اُجالا کے اشتراک سے کیا تھا جس میں ڈپٹی میئر بلدیو سنگھ بلوریہ سمیت دیگر شامل تھے ۔ کمشنر جے ایم سی راہل یادو کے علاوہ دیگر معزز شہری اور سماج کے سربراہان بھی موجود تھے۔اِس موقعہ پر سکولی بچوں کے بڑے گروپوں نے شرکت کی اور جنہوں نے پلے کارڈز اُٹھائے رکھے تھے جن میں ایک بار اِستعمال ہونے والے پلاسٹک اور پولی تھین بیگوں کے اِستعمال سے ہونے والی برائیوں کے بارے میں بیداری پھیلائی گئی۔

 

اِس موقعہ پر میئر راجندر شرما نے اَپنے خیالات کا اِظہا رکرتے ہوئے کہا کہ جموں ایک ترقی پسند شہر کی شکل اِختیار کر رہا ہے اور اِس طرح بہترین عوامی خدمات اور سہولیات کا مستحق ہے ۔ اُنہوں نے شہروں کو صاف ستھرا بنانے کے مشن میں سول سوسائٹی ، اِنتظامیہ او رشہری بلدیاتی اِداروں سے اِجتماعی کوششوں پر زور دیا۔میئر موصوف نے دیر پا صفائی کے لئے رویے میں تبدیلی کی وکالت کی۔ اُنہوں نے کہا کہ حکومت کے ماتحت اِنتظامیہ احتساب اور شفافیت کے ساتھ کام کر رہی ہے اور فوری فیصلہ سازی دیکھنے میں آئی ہے ۔

 

میئر جموں مونسپل کارپوریشن راجندر شرما نے کہاکہ پولی تھین فری جموں مشن کے تحت جے ایم سی کی قیادت میں مختلف ٹیموں نے سکولوں ، یونیورسٹیوں اور دیگر تعلیمی اِداروں کا دورہ کیاتاکہ بیداری مہم چلائی جاسکے او رپولی تھین بیگوں کے خلاف مشن میں اَپنا تعاون فراہم کیا جاسکے ۔ اُنہوں نے اُمید ظاہر کی کہ جموں جلد ہی پولی تھین سے پاک شہر بن جائے گا۔اِس موقعہ پر چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار نے خطاب کرتے ہوئے زندگی کے تمام اقسام پر مائیکرو پلاسٹک کے مضر اثرات پر روشنی ڈالی۔ اُنہوں نے ایک بار اِستعمال ہونے والے پلاسٹک کے مضراثرات کے بارے میں بتایا۔اُنہوں نے سمندروں میں پلاسٹک کے ویسٹ کے وسیع پیمانے پر جمع ہونے اور ان کے دور رَس نتائج پر بھی روشنی ڈالی ۔

 

اُنہوں نے اس کے چیلنجوں کے باوجود اُمید ظاہر کی کہ صفائی اور شہری ترقی میں تیزی سے ترقی کی وجہ سے جموں ملک کے صاف ستھرے شہروں میں سے ایک بن کر اُبھرے گا۔ اِنتظامیہ اور جموں میونسپل کارپوریشن ان مقاصد کو حاصل کرنے کے لئے پوری تن دہی سے کام کر رہے ہیں۔ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے مزید کہا کہ شہر کے اَطراف و اکناف میں متعدد سیاحتی مقامات تیار کئے جارہے ہیں جن میں توی ریور فرنٹ اور جمبو چڑیا گھر شہر کے گرد و نواح میں شامل ہیں جو شہر کی خوبصورتی میں کافی اِضافہ کریں گے۔ڈپٹی میئر نے کہا کہ پولی تھین بیگوں پر پابندی لگانے کے ساتھ ساتھ جموں میونسپل کارپوریشن نے اِستعمال کے لئے متبادل بھی فراہم کئے ہیں۔

 

جے ایم سی سنگل یوز پلاسٹک پر پابندی کو سختی سے عملایا جارہا ہے اور بڑے ذخیرے کو باقاعدگی سے ضبط کر رہا ہے ۔ڈپٹی میئر نے اِس بات پر زور دیا کہ ایک بار استعمال ہونے والے پلاسٹک اور پولی تھین بیگوں کے کامیاب خاتمے کے لئے عوام کو اَپنانا اور طرزِ عمل میں تبدیلی ضروری ہے ۔واک کاتھون کا اِختتام مہاراجہ ہری سنگھ پارک میں ہوا۔