پالپورہ پٹن کا سڑک رابطہ ناقابل آمدوفت | ٹرنسپورٹروں اورراہگیروں کو نقل و حمل میںمشکلات کا سامنا

بارہمولہ// شمالی قصبہ پٹن کے پالپورہ کا سڑک رابطہ گزشتہ ایک دہائی سے خستہ حالت میں ہے جس کے نتیجے میں ٹرنسپورٹروں اور راہگیروں کو زبردست مشکلات کا سامنا کرنا پڑ تا ہے ۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ سڑک پر جگہ جگہ گہرے کھڈ بن چکے ہیں جس کی وجہ سے مسافروں کومشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اورکافی وقت بھی ضائع ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر چہ اس معاملے کو آر اینڈ بی محکمہ کے افسران کی نوٹس میں بھی لایا گیا لیکن اُس کا کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ مقامی شہریوں نے کئی بار رضاکارانہ طوراس سڑک کی مرمت کی تاہم ضلع انتظامیہ نے کھڈ بھرنے کی بھی زحمت گوارا نہیں کی ۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ یہاں بیماروں کوایمرجنسی کی صورت میں کافی مشکلات سے دو چار ہونا پڑ رہا ہے جبکہ زچگی کے معاملات میں خواتین کو بہت تکلیف ہوتی ہے۔لوگوں نے ایل جی انتظامیہ اور محکمہ آر اینڈ بی کے اعلیٰ افسران سے مطالبہ کیا کہ سڑک رابطے کی فوری طور مرمت کی جائے تاکہ اُنہیں درپیش مشکلات سے نجات مل سکے۔