’پالتھین کی سمگلنگ ‘

 کٹھوعہ //جنگلات و ماحولیات کے وزیر راجیو جسروٹیہ نے محکمہ جنگلات اور دیگر شاخوں کے کام کاج کے بارے میں جانکار ی حاصل کرنے کے لئے فارسٹ چک پوسٹ لکھن پور اور رینج آفس ہیر ا نگر کا دورہ کیا۔ لکھن پور فارسٹ چک پوسٹ کے معائینے کے دوران وزیر موصوف نے چک پوسٹ اور ہیڈ آفس کے درمیان آن لائن کنکشن قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ محکمہ کے کام کاج میں جواب دہی اور شفافیت لائی جاسکے ۔اُنہوں نے متعلقہ محکموں کے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ پالتھین اور ویلو کیلفٹ کی سمگلنگ پر قابو پانے کے لئے قومی شاہراہ پر مشترکہ نگرانی میں اضافہ کریں۔اُنہوں نے چک پوسٹ کے کام کاج کے بنیادی ڈھانچے میں بہتری لانے اور جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لانے کی بھی ہدایت دی۔کٹھوعہ ضلع کے کھروٹ گائوں میں مقامی لوگوں نے اپنے اپنے مسائل کے بارے میں وزیر کو جانکاری دی۔اُنہوں نے لوگوں کو یقین دِلایا کہ ان مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔قومی شاہراہ پر لاچھی پور میں تالاب کی تجدید نو کے کام کا معائینہ کرنے کے دوران متعلقین کو ہدایت دی کہ ان کاموں کو جلد از جلد مکمل کیا جانا چاہیئے ۔ مختلف محکموں کے کئی اعلیٰ افسران اُس وقت وزیر موصوف کے ہمراہ تھے۔