پارم پورہ بس اسٹینڈ سے آگے چلنے کا مطالبہ ۔9اور10جنوری کوشمالی کشمیر کے ٹرانسپورٹروں کی ہڑتال

 

سرینگر//شمالی کشمیر کے تینوں اضلاع کے ٹرانسپورٹروں نے 9اور10جنوری کو ہڑتال کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اور حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں سری نگر کے پارم پورہ اسٹینڈ سے آگے جانے کی اجازت دی جائے۔ کے۔ این۔ ایس کے مطابق ٹرانسپورٹروں نے بتایا کہ ایس آر ٹی سی بسوں کو بٹہ مالو اسٹینڈ سے آگے جانے کی اجازت دی جارہی ہے، لیکن انہیںاِس سے آگے جانے کی جازت نہیں ہے ،جس کی وجہ سے انہیں اور مسافروں کو کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اسی روٹ پر کم از کم 8ایس آر ٹی سی بسیں چل رہی ہیں جو ان کے لیے ایک مسئلہ بن گئی ہے۔آل کشمیر ٹرانسپورٹ کنفیڈریشن کے چیئرمین محمد شفیع نے کہا کہ انہوں نے پیر اور منگل کو ایس آر ٹی سی بسوں کو پارم پورہ اسٹینڈ سے آگے جانے کی اجازت دینے پر ہڑتال کی کال دی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم یہ سمجھنے میں ناکام ہیں کہ ہمیں پارم پورہ اسٹینڈ سے آگے بڑھنے کی اجازت کیوں نہیں دی جاتی جب کہ ہمارے پاس حکام کی طرف سے ایک ہی اجازت نامہ موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کو اس معاملے پر جلد از جلد غور کرنا چاہیے جس سے انہیں اور بڑے پیمانے پر مسافروں کو فائدہ پہنچے گا۔