پارمپورہ سرینگر میں ہولناک آگ،ایک بستی خاکستر

 سرینگر// فروٹ منڈی پارمپورہ کے قریب موجود بستی میں رسوئی گیس خارج ہونے سے آتشزدگی کی ایک ہولناک واردات رونما ہوئی جس کے نتیجے میں 40 سے زائد رہائشی ڈھانچے مکمل طور پر تباہ ہوگئے۔عینی شاہدین کے مطابق سہ پہر کو رسوئی گیس خارج ہونے سے آگ بھڑک اٹھی جس کی لپیٹ میں بستی میں موجود 40 سے زائد رہائشی ڈھانچے آگئے۔ اس موقع پر آگ تیزی سے پھیل گئی۔ پولیس اور محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی کو اطلاع دی گئی جنہوں نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پانے کی کوشش شروع کی تاہم بستی گنجان ہونے کی وجہ سے آگ پر قابو پانے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا ہے۔محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی کی 16 گاڑیاں جائے واردات پر پہنچ کر آگ پر قابو پانے کی کوشش میں مصروف ہوئیں۔ محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی کے حکام نے بتایا کہ کہ فروٹ منڈی پارمپورہ کے قریب موجود بستی میں رسوئی گیس خارج ہونے سے بستی میں آگ نمودار ہوئی چونکہ بستی میں موجود رہائشی مکانات ایک دوسرے کے قریب تعمیر کئے گئے ہیں جس کے سبب آگ تیزی سے پھیل گئی۔ آگ کی اس ہولناک واردات میں 40 سے زائد رہائشی ڈھانچے خاکستر ہوگئے اورشام دیر گئے تک آگ بجھانے کی کوشش جاری تھی۔