پارمپورہ جھڑپ | مہلوک اطہر مشتاق کے والد کیخلاف کیس درج:محبوبہ مفتی

سرینگر//پیپلزڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے الزام لگایا ہے کہ پولیس نے پارمپورہ میں گزشتہ سال جھڑپ کے دوران ہلاک ہوئے مبینہ جنگجو کے والد کے خلاف ایف آئی آر درج کیا ہے ۔اطہرمشتاق دومبینہ جنگجوئوں اعجازمقبول گنائی اورزبیراحمد لون کے ہمراہ 31دسمبر 2020 کو سیکورٹی فورسزکے ساتھ ایک جھڑپ میں مارے گئے تھے۔پولیس نے کہا تھا کہ وہ جنگجوئوں کی فہرست میں نہ تھے ،لیکن ان میں سے دو ’’بنیادپرست نظریہ ‘‘کے تھے۔محبوبہ نے دعویٰ کیا کہ پولیس نے اطہر مشتاق کے والد کوبیٹے کی لاش کا ’’مطالبہ‘‘ کرنے پر ایف آئی آر درج کیا۔انہوں نے ٹوئٹر پر لکھا ،’ ’اپنے بیٹے کو ایک مبینہ جعلی جھڑپ میں کھونے کے بعد،اطہر مشتاق کے والد پراُس کی میت کا مطالبہ کرنے پرایف آئی آر درج کیا گیاہے۔ان کا جرم یہ تھا کہ انہوں نے پرامن احتجاج کااہتمام کیا۔نیاکشمیرکے باشندے اب بے دردانتظامیہ سے سوال بھی نہیں کرسکتے اور انہیں زندہ لاشیں بنایا گیا ہے‘‘۔تینوں کے کنبے احتجاج کررہے تھے اور ان کی لاشوں کو واپس کرنے کا مطالبہ کررہے تھے اوردعویٰ کررہے تھے کہ وہ معصوم تھے اور جعلی جھڑپ میں ہلاک کئے گئے۔ پولیس نے محبوبہ کے دعوے پر ردعمل کااظہار نہیں کیا۔