معطل اراکین پرایوان بالا میں ہنگامہ آرائی جاری
نئی دہلی// ایوانِ بالا ( راجیہ سبھا) میں 12 اراکین پارلیمان کی معطلی واپس لینے کے مطالبے کے سلسلے میں ترنمول کانگریس کی ہنگامہ آرائی بدھ کو بھی جاری رہی اور دوران کانگریس سمیت حزب اختلاف کی جماعتوں کی ایوان میں عدم موجودگی کے بیچ ‘اسسٹڈ ری پروڈکٹیو ٹیکنالوجی (ریگولیشن) بل 2021 ’ اور ‘سروگیسی ریگولیشن بل 2020 ’پر مسلسل بحث ہوتی رہی۔ کھانے کے وقفے کے بعد ڈپٹی چیئرمین ہری ونش نے ایوان کی کارروائی شروع کرتے ہوئے دونوں بلوں پر بحث شروع کرنے کے لئے بھارتیہ جنتا پارٹی کے کے سی راما مورتی کا نام پکارا تو ترنمول کانگریس کی سشمیتا دیو اور دیگر اراکین نعرے لگاتے ہوئے چیئرپرسن کے پوڈیم کے سامنے آگئے ۔ انہوں نے ہاتھوں میں ‘ہمیں بھی معطل کرو اور اراکین پارلیمنٹ کی معطلی واپس لو’ کی تختیاں لے رکھی تھیں ۔ مسٹرہری ونش نے کہا کہ یہ اہم بل ہیں اور اراکین کو ان میں رکاوٹ نہیں ڈالنی چاہئے بلکہ انہیں منظور کرانے میں تعاون کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ اراکین پارلیمنٹ کی معطلی واپس لینے کا معاملہ حکمران جماعت اور اپوزیشن کو بات چیت کر کے حل کرنا چاہیے ۔
معطل ارکان معافی نہیں مانگیں گے :اپوزیشن
نئی دہلی// اپوزیشن جماعتوں نے کہا ہے کہ حکومت پارلیمنٹ میں جمہوریت کا قتل کر رہی ہے اور اراکین کو غلط طریقے سے معطل کیا گیا ہے ، اس لیے اپوزیشن متحد ہے اور اپوزیشن کے تمام 12 معطل اراکین معافی نہیں مانگیں گے ۔راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر ملکارجن کھڑگے نے کہا کہ ممبران پارلیمنٹ کی معطلی ضابطے اور آئین کے خلاف ہے اور وہ ایک ہفتہ سے مسلسل راجیہ سبھا کے چیئرمین سے واپس لینے کا مطالبہ کر رہے ہیں لیکن حکومت سن نہیں رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ چیئرمین سے باقاعدگی سے ملاقات کر رہے ہیں اور ایوان میں بات اٹھا رہے ہیں لیکن وہ سن نہیں رہے اور اڑے ہوئے ہیں اور معطلی واپس نہیں لے رہے ۔انہوں نے کہا کہ معطلی میں جو باتیں کہی گئیں ہیں ویسا کچھ ہوا ہی نہیں لیکن جبراً الزامات لگائے جا رہے ہیں۔
دیسی 5G اور 6G ٹیکنالوجی کاکام زور و شور سے جاری
نئی دہلی// حکومت نے کل کہا کہ ملک میں ٹیلی کمیونیکیشن کے میدان میں دیسی اور انتہائی جدید 5G اور 6G ٹیکنالوجی کو تیار کرنے کا کام زور و شور سے جاری ہے اور مستقبل میں ہندوستان اس ٹیکنالوجی کو دوسرے ممالک کو بھی دستیاب کرائے گا۔ ریلوے ، مواصلات، الیکٹرانکس اور انفارمیشن ٹکنالوجی کے وزیر اشونی ویشنو نے ایوان زیریں لوک سبھا میں وقفہ سوالات کے دوران سابق وزیر مواصلات اور دراوڑ منیترا کشگم کے رکن دیاندھی مارن کے ایک ضمنی سوال کے جواب میں کہا کہ ہندوستان میں 5G، 4G اور 6G ٹیکنالوجی تیار کی جارہی ہے ، اور ہم ثابت کریں گے کہ ہمارے سائنسدان اور انجینئر زدنیا میں کسی سے کم نہیں۔ ویشنو نے کہا کہ ہم نہ صرف اپنے ملک میں بلکہ دنیا کے دیگر ممالک کو بھی بہترین مواصلاتی ٹیکنالوجی فراہم کریں گے ۔
ناگا لینڈقتل عام
خصوصی اختیارات کا قانون واپس لینے کا مطالبہ
نئی دہلی//یو این آئی// راجیہ سبھا میں ناگالینڈ پیپلز فرنٹ کے رکن کے جی کینئے نے بدھ کو شمال مشرق سے سیکورٹی فورسز کو خصوصی اختیارات دینے والے آرمڈ فورسز اسپیشل پاور ایکٹ کو واپس لینے کا مطالبہ کیا۔مسٹر کینئے نے وقفہ صفر کے دوران یہ معاملہ اٹھایا اور کہا کہ اس میں کچھ بھی اچھا نہیں ہے ۔ اس سے نفرت انگیز کارروائیاں ہوتی ہیں اور ملک کی یکجہتی اور سالمیت پر برااثر پڑتاہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس قانون کا غلط استعمال کیا جا رہا ہے اور معصوم لوگوں کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے ۔قبل ازیں اپوزیشن جماعتوں کے ارکان جو معطل ارکان کے معاملے پر ایوان کے وسط میں ہنگامہ کر رہے تھے ، مسٹر کینئے کے بولنے کے دوران خاموش ہوگئے اور اپنی اپنی نشستوں پر چلے گئے ۔ ان کے بیان کے بعد انہوں نے پھر سے ہنگامہ شروع کر دیا۔
ناگا اسٹوڈنٹ فیڈریشن آج احتجاج کرئیگی
کوہیما//یواین آئی// ناگا اسٹوڈنٹ فیڈریشن(این ایس ایف) ‘ آرمڈ فورسز اسپیشل پاور ایکٹ(افسپا-اے ایف ایس پی اے )’ کو واپس لینے اور ریاست میں چار اور پانچ دسمبر کو مسلح افواج کے ذریعہ مارے گئے شہریوں کے تئیں تعزیت کا اظہار کرنے کے لئے جمعرات کو یہاں پُرامن طریقے سے احتجاجی مظاہرہ کرے گا۔این ایس ایف کے صدر گوائی ہنپیٹ اور نائب صدر اسپون این جی پیلو کے ذریعہ جاری پریس ریلیز میں لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ جتنے بھی ناگا ہیں وہ اس پروگرام میں آکر شامل ہوں۔ایف الگ ریلیز میں این ایس ایف نے کہا ہے کہ ناگالینڈ کے وزیراعلی نیفیو ریو اس پر ناگالینڈ اسمبلی میں ایک خصوصی اجلاس بلائیں ،جس میں ریاست سے افسپا کو ختم کرنے کے لئے ایک اعلان کی تجویز لائین اور اسے مرکزی حکومت کے پاس منظوری کے لئے بھیجیں ۔ناگا ہوہو نے آج کہا کہ مسلح افواج خصوصی اختیار (افسپا) قانون -1958 کو جلد از جلد ہٹائے ساتھ ہی کہا کہ مرکزی حکومت انڈو – ناگا سیاست پر اپنے رخ کو واضح کرے ۔ناگا ہوہو کے صدر ایچ کے جیہیمومی اور نائب صڈر ای الیو نے میمورنڈم کے ذریعہ کہا کہ ناگا علاقے میں اس سے پہلے امن تھا۔