جاوید مصطفی فیصل سے بغلگیر ،رفیق شاہ این سی کی جھولی میں اور بڈھانہ پی سی کو پیارے ہوگئے
سرینگر //پارلیمانی انتخابات نزدیک آتے ہی سیاسی گہما گہمی کیساتھ ساتھ لیڈران کی سیاسی دلبدلی کا سلسلہ بھی تیز ہو تا جا رہا ہے۔ بدھ کو سابق وزیر اور پی ڈی پی لیڈ ر جاوید مصطفیٰ میر نے شاہ فیصل کی پارٹی جموں کشمیر پیپلز مؤمنٹ میں شمولیت اختیار کی اورسابق ایم ایل سی سید رفیق شاہ نیشنل کانفرنس میں شامل ہوئے ۔سابق ایم ایل سی اور معروف گجر لیڈر اے آر بڈھانہ نے پی ڈی پی چھوڑ کر سجاد لون کی پارٹی پیپلز کانفرنس میں شمولیت اختیار کر لی ہے ۔راجباغ میں ایک تقریب کے دوران جاوید مصطفیٰ میر نے جموں کشمیر پیپلز مؤمنٹ میں شمولیت اختیار کرنیکا اعلان کیا۔اسمبلی حلقہ چاڈورہ کے سابق منتخب نمائندے، میر نے مسلسل 2002، 2008اور 2014میں پی ڈی پی کی ٹکٹ پر چاڈورہ سے انتخابی جیت درج کی تھی ۔انہوں نے رواں برس جنوری میں پی ڈی پی سے علیحدگی اختیار کی تھی۔ڈاکٹر شاہ فیصل نے جاوید میر کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ جاوید مصطفیٰ میر پچھلے 20برسوں سے سیاست میں ہیں لیکن اُن کے کردار پر آج تک کس نے کوئی سوال نہیں اٹھایا ہے ۔ادھر سابق ایم ایل سی رفیق شاہ نے نیشنل کانفرنس میں شمولیت اختیار کی ۔رفیق شاہ کا تعلق ترہگام کپوارہ سے ہے اور اُس سے قبل وہ پنتھرس پارٹی کے لیڈر بھی رہ چکے ہیں ۔ 2014میں انہوں نے پنتھرس پارٹی کو چھوڑ کر پی ڈی پی میں شمولیت اختیار کی تھی۔پارٹی نائب صدر عمر عبداللہ نے رفیق شاہ کا پارٹی میں خیر مقدم کیا ہے۔سابق ایم ایل سی اور معروف گوجر لیڈر عبدالرحمان بڈھانہ نے سجاد غنی لون کی پارٹی پیپلز کانفرنس میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔بڈھانہ کا پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے پر سجاد غنی لون نے استقبال کیا ۔ سال2014کے اسمبلی انتخابات میں بڈھانہ نے پی ڈی پی کی حمایت کی تھی ، بڈھانہ نیشنل کانفرنس ،جنتا دل اور عوامی نیشنل کانفرنس میں بھی رہ چکے ہیں ۔عبدالرحمان بڈھانا گجر طبقہ کے معروف ترین لیڈر ہیں۔سابق آئی اے ایس افسر ونود کول نے کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی۔ پارٹی ہیڈکوارٹر پر ایک تقریب کے دوران انہوں نے بیسوں ورکروں سمیت پارٹی میں شمولیت اختیار کی ،ونود کول اس سے قبل ریاستی انتظامیہ میں کئی ایک بڑے عہدوں پر بھی فائض رہ چکے ہیں جبکہ سبکدوشی سے قبل وہ محکمہ باز آبادکاری کے کمشنرتھے ۔کرناہ سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر جہانگیر دانش نے بھی کانگریس میں شمولیت اختیار کی ۔جہانگیر دانش ایک معروف ایجوکیشنسٹ بھی ہیں 2018میں وہ ڈگری کالج کرناہ کے پرنسپل بھی رہ چکے ہیں۔اس کے علاوہ ڈاکٹر محمد ایوب، ایڈوکیٹ گوہر احمد ،ظفر فاروق ،ارشاد احمد وانی ،تنویر احمد خان ، سید شفیع ،طارق احمد ، چودھری عبدالحمید،امود گلزارکے علادہ دیگر بیسوں ورکروں نے کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کی ۔دریں اثنا ء پی ڈی پی نے کرناہ کے یوتھ صدر کیپٹن محمد حسین اور ضلع ممبر خالد شجاع بڑھانہ کو پارٹی مخالف سرگرمیوں کی پاداش میں پی ڈی پی سے نکال دیا ہے۔