پارلیمانی انتخابات کی تیاریاں

جموں// چیف الیکٹورل افسر شلیندر کمار نے آج یہاں ریاست کی مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کے ساتھ  ایک میٹنگ میں انتخابی عمل سے متعلق امور پرتبادلہ خیال کیا۔انہوں نے ریاست میں پارلیمانی انتخابات کے پُر امن انعقاد کے لئے نمائندوں سے تجاویز طلب کیں۔ انہوں نے پولنگ مراکز پر مختلف سہولیات کی دستیابی اور عوام کی شمولیت کو یقینی بنانے کے لئے بھی تجاویز طلب کیں۔انتخابی عمل میں شفافیت کو یقینی بنانے کے لئے سیاسی جماعتوں سے تعاون طلب کرتے ہوئے سی ای او نے لیڈروں کو الیکشن کمیشن کے رہنما خطوط اور ضابطہ اخلاق کی موثر عمل آوری کو یقینی بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے لیڈروں کو ورکروں اور پولنگ ایجنٹوں کو اس حوالے سے جانکاری دینے و ضابطہ اخلاق کی موثر عمل آوری اور شکایات کے لئے الیکشن کمیشن کے ایپ “C-Vigil” کا استعمال کرنے کے علاوہ مختلف سہولیات، اجازت ناموں اور جسٹریشن کے لئے سودھا ایپ  کا بھرپور استعمال کرنے پر زور دیا۔
چیف الیکٹورل افسر نے سیاسی جماعتوں کو انتخابی عمل کے حوالے سے ریاستی الیکشن محکمہ کی طرف سے ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کراتے ہوئے کسی بھی شکایت کے ازالے کے لئے اُن سے رجوع کرنے کی صلاح دی۔ انہوں نے انتخابات کے صاف و شفاف انعقاد کے لئے اُٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں بھی جانکاری دی۔انہوں نے کہا کہ جسمانی طور ناخیز افراد کے لئے پولنگ سٹیشنوں پر تمام انتظامات دستیاب رکھے گئے ہیں تا کہ انہیں اپنی حق رائے دہی کا استعمال کرنے میں کوئی مشکل پیش نہ ہو۔سی ای او نے سیاسی جماعتوں کو ترجیحی بنیادوں پر بوتھ لیول ایجنٹ تعینات کرنے کی تلقین کی جو متعلقہ بوتھ لیول افسران کو انتخابی عمل سے متعلق مختلف امور میں تعاون دیں گے۔انہوں نے کہا کہ ضلع انتخابی عہدیداروں نے ورکروں، ایجنٹوں اور دیگر متعلقین کے لئے ای وی ایم اور وی وی پیڈ سے متعلق تربیتی پروگرام منعقد کئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تمام جماعتوں کو نئی ووٹر فہرستیں بھی دستیاب کرائی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ انتخابی عمل سے متعلق مختلف رہنما خطوط پر مبنی مینول بھی دستیاب کرائے گئے ہیں۔لیڈروں نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی، انتخابی تصرف، تشہیری مہمات اور دیگر امور سے متعلق استفسار ات کے علاوہ اپنی تجاویز بھی پیش کیں۔اس موقعہ پر پینتھرس پارٹی کے ہرش دیو سنگھ، پی ڈی پی کے آر کے بالی، بی جے پی کے راجندر شرما اور نیشنل کانفرنس کے پردیپ کمار بالی کے علاوہ دیگر لیڈران بھی موجود تھے۔