پابندی کے باوجود دریائوں سے ریت اور کنکر نکالنے کا کام جاری

 
رام بن //ضلع میں ریاستی سرکار کی جانب سے ندی نالوں و دریائوں سے ریت وغیرہ نکالنے پر پابندی عائد کرنے کے باوجود ضلع میں ریت و کنکر نکالنے کا کام ابھی بھی جاری ہے۔مقامی لوگوں کا الزام ہے کہ ضلع میں ندی و نالوں خصوصاً دریائے چناب سے ریت و دیگر میٹیریل نکالنے کا کام ٹھیکہ داروں کی جانب سے جاری ہے۔انہوں نے متعلقہ محکمہ بشمول آبپاشی،  فلڈ کنٹرول اور متعلقہ انتظامیہ کے درمیان سانٹھ گانٹھ کا الزام لگایا ہے۔مقامی لوگوں نے الزام لگایا ہے کہ خلاف ورزی کرنے والوں کو سیاسی سر پرستی حاصل ہے، یہی وجہ ہے کہ پابندی کے باوجود یہ عمل جاری ہے۔ چندر کوٹ،رام بن اور رامسو ودیگر علاقوں کے مقامی لوگوں نے الزام لگایا ہے کہ ریت نکلانے کے عمل سے یہ عیاں ہے کہ بسلیری نالہ، دریائے چناب اور دیگر ندیوں سے ریت اور کنکر نکالنے کا کام فوری طور بند ہونا ناممکن ہے۔ ان کا یہ بھی الزام ہے کہ ریت نکالنے سے دریا کے کناروں کا کافی نقصان ہوا ہے کیونکہ جے سی بی کی جانب سے ندیوں اور دریا میں گہری کھدائی کی جاتی ہے جس سے ان کے کنارے کمزور پڑ گئے ہیں اور کبھی بھی منہدم ہو سکتے ہیں۔ان مکینوں نے ر یت نکالنے کا کام فوری طور بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے ا ور قصور وار اہلکاروں اور ٹھیکہ داروں کے خلاف کاروائی کا مطالبہ کیا ہے۔