ٹی -20 ورلڈ کپ کے متعلق مئی میں واضح ہوگی تصویر

میلبورن؍ آسٹریلیا میں اس سال اکتوبر نومبر میں ہونے والے ٹی -20 ورلڈ کپ کے بارے میں صورتحال اگلے ماہ واضح ہو پائے گی۔کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا بھر میں کرکٹ سرگرمیاں ٹھپ پڑی ہوئی ہیں اور بہت سے ممالک میں سفر پر پابندی ہے ۔ ایسے میں 18 اکتوبر سے آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی -20 ورلڈ کپ پر خطرہ منڈلا رہا ہے ۔ کورونا کی وجہ سے ہندستان میں انڈین پریمیئر لیگ کو غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کر دیا گیا ہے ۔فی الحال ابھی تک ایسا نہیں ہے کہ 18 اکتوبر سے 15 نومبر تک ہونے والا ورلڈ کپ ملتوی ہو سکتا ہے ۔ لیکن کورونا کا خطرہ جس طرح دنیا میں پھیلا ہوا ہے اسے دیکھتے ہوئے ایسا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے ۔ منتظمین کو امید ہے کہ ورلڈ کپ کے متعلق اگلے ماہ تصویر واضح ہو جائے گی جب بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) باقاعدگی سے اپنی میٹنگ کرے گی جسے مارچ میں ملتوی کر دیا گیا تھا۔ایسے قیاس لگائے جا رہے ہیں کہ کورونا کے خطرے کو دیکھتے ہوئے ٹی -20 ورلڈ کپ کو ناظرین کے بغیر خالی اسٹیڈیم میں کیا جا سکتا ہے لیکن آسٹریلیا کو پہلی بار اپنی کپتانی میں 1987 میں عالمی کپ جتانے والے ایلن بارڈر نے منگل کو کہا تھا کہ ناظرین کے بغیر ٹی -20 ورلڈ کپ کرانے کے بارے میں وہ تصور بھی نہیں کر سکتے ۔64 سالہ بارڈر نے کہا تھاکہ آپ کے پاس دو اختیارات ہیں، یا تو آپ اسے صحیح طریقے سے منعقد کریں جس میں ناظرین بھی شامل ہوں نہیں تو ٹورنامنٹ کو منسوخ کر دیں۔ بارڈر سے پہلے آسٹریلیا کے آل راؤنڈر گلین میکسویل نے بھی کہا تھا کہ ٹی -20 ورلڈ کپ کو ناظرین کے بغیر منعقد نہیں کیا جا سکتا ہے ۔آئی سی سی اور کرکٹ آسٹریلیا کے اختیارات پر غور کر رہے ہیں لیکن فی الحال ٹورنامنٹ کے اپنے طے پروگرام کے مطابق ہونے کا امکان ہے ۔یو این آئی