نئی دہلی// حکومت کی ٹیچنگ ایلیجیبلیٹی ٹیسٹ (ٹی ای ٹی) کے سرٹیفکیٹ کی میعاد میں تبدیلی یا اسے ختم کرنے کا منصوبہ نہیں ہے اور سات برس کی مدت کے بعد ٹیچر بننے کے لیے امیدوار کو یہ امتحان دوبارہ پاس کرنا ضروری ہے ۔ انسانی وسائل کی ترقی کے وزیر رمیش پوکھریال نے آج راجیہ سبھا میں ضمنی سوالوں کے جواب میں بتایا کہ ضرورت کے مطابق اسکول کے نصاب میں مسلسل تبدیلی ہوتی رہتی ہے اس لیے اساتذہ کو ان کے مطابق ٹریننگ کرنے کے لیے ٹی ای ٹی کی سرٹیفکیٹ کی میعاد کو سات سال تک محدود کیا گیا ہے اور اگر اس مدت میں کوئی ٹیچر نہیں بن پاتا ہے تو اسے ٹی ای ٹی کا امتحان دوبارہ دینا ہوگا۔ چار سال کے بی ایڈ کے سلیبس سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ اسی سال سے شروع ہوجائے گا۔ اس کے لیے نوٹیفکیشن جاری کی جا چکی ہے اوراداروں نے اس کا سلیبس بھی تیار کر لیا ہے ۔ ایک دوسرے سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ ٹریننگ کے لیے اسکولوں میں جو اساتذہ پڑھا رہے ہیں انھیں 2015 تک ٹریننگ دی جانی تھی لیکن اب اس کی مدت چار سال بڑھا کر 2019 کر دی گئی ہے ۔ اس کا مقصد ایسے تمام اساتذہ کو ٹریننگ دینا ہے جو بغیر ٹریننگ کے اسکولوں میں پڑھا رہے ہیں۔ ابھی تک پورے ملک میں 7 لاکھ اساتذہ کو اس طرح کی ٹریننگ دی گئی ہے ۔ مجموعی اندراج کے تناسب کے تناظر میں انہوں نے کہا کہ سارک ممالک میں اس معاملے میں انڈیا پہلے نمبر پر ہے ۔ مالی طور پر پچھڑے طبقے کے بچوں کے داخلہ کے سوال پر انہوں نے کہا کہ گذشتہ مالی سال میں اس طبقے سے 41 لاکھ سے زیادہ بچوں کو اسکولوں میں داخلہ دیا گیا ہے ۔ یو این آئی