ٹی آر سی گراؤنڈ میں اسپورٹس پریمیر لیگ کا افتتاح،3مرحلوں میں 20اضلاع کی ٹیمیں حصہ لیں گی

سرینگر //ڈویژنل کمشنر پی کے پولے نے سوموار کو ٹی آر سی گراؤنڈ میں اسپورٹس پریمیر لیگ کا افتتاح کیا۔اس دوران انہوں نے زور دیاکہ کھیلوں سے محبت کرنے والے نوجوانوں کو بہتر پلیٹ فارم مہیا کیا جائے ۔لیگ کا انعقاد جموں و کشمیر اسپورٹس کونسل کے ذریعہ جموں و کشمیر کے تمام 20 اضلاع میں متعلقہ اسپورٹس ایسوسی ایشن کے تعاون سے کیا جارہا ہے۔افتتاحی فٹ بال میچ ریئل کشمیر ایف سی اور کشمیر ایڈونچر کے مابین کھیلا گیا تھا، جسے ریئل کشمیر ایف سی نے 1.0 گول سے جیتا تھا۔اس موقع پر ڈویژنل کمشنر نے کھیلوں کے فروغ اور کھیلوں سے محبت کرنے والے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کو ظاہر کرنے کے مواقع فراہم کرنے پر منتظمین کی تعریف کی۔انہوں نے کہا کہ کشمیری نوجوان صلاحیتوں سے بھرے ہیں جنھیں قومی اور بین الاقوامی پلیٹ فارمز پر مسابقت کے لئے مزید محنت کی ضروت ہے۔انہوں نے کہا کہ کھیلوں کی سرگرمیوں میں نوجوانوں کی زیادہ سے زیادہ شرکت کے لئے دوسرے اضلاع میں بھی اسی طرح کے تقاریب کا انعقاد کیا جائے گا۔اس موقعہ پر ڈویژنل کمشنر کشمیر نے  دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں اور لیگ میں پریکٹس کرنے والے دوسرے کھلاڑیوں کے ساتھ بھی بات چیت کی۔لیگ کے یہ میچ تین مرحلوں میں ہوں گے جہاں تمام 20 اضلاع کی ٹیمیں ہر ایک ضلع کے ایک مقام پر مقابلہ کریں گی۔تقریب میں اے ڈی سی خورشید احمد شاہ اور اے ڈی سی بلال احمد کے علاوہ دیگر افسران اور اہلکار وں نے بھی شرکت کی ۔