ٹی آر سی فٹبال سٹیڈیم میں تقریب

 سرینگر//نیشنل اینڈ انٹرنیشنل فٹ بالرز فورم جموں کشمیر کی جانب سے سنیچرکو’’ ٹی آر سی‘‘ ٹرف فٹبال اسٹیڈیم سرینگر میں مختلف اضلاع میں نئی قائم کی گئی فٹ بال اکیڈمیوں میں کٹ تقسیم کئے گئے۔تقریب کی صدارت مشیر برائے لیفٹنٹ گورنر جموں کشمیر فاروق خان نے کی   جو اس موقعہ پر مہمان خصوصی تھے۔ فاروق خان نے خطاب میں کہا ’’یہ دیکھ کر بہت اچھا لگتا ہے کہ نیشنل اینڈ انٹرنیشنل فٹ بالرز فورم جیسی رضاکارانہ تنظیم کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور کھیل کی بہتری کے لئے آگے آرہی ہے۔فاروق خان نے اس طرح کی تقاریب کو کامیاب انداز میں منعقد کرنے پر نیشنل اینڈ انٹرنیشنل فٹ بالرز فورم کے منتظمین کو مبارکباد پیش کی۔ مشیر نے بین الاقوامی فٹ بالرز جن میں محمد یوسف ڈار ، خورشید احمد بابا ، محمد سید ، اسلم پرویز ، ظہور ہارون ، معراج دین وڈو ، ساجد ڈار اور ہلال پرے سے بات چیت کی۔ انہوں نے تمام بین الاقوامی فٹ بالرز پر زور دیا کہ وہ مقامی صلاحیتوں کو تیار کرنے کی ذمہ داری کو آگے بڑھائیں۔مختلف اضلاع کی 18 نئی اکیڈمیز میں کٹس تقسیم کی گئیںبہت سی دوسری چیزیں ہیں جو اکیڈمی سنٹر کو آسانی سے چلانے کے لئے کافی ہیں۔تقریب کا اہتمام نیشنل اینڈ انٹرنیشنل فٹ بالرز فورم جموں کشمیرنے کیا تھا اور مذکورہ کِٹ و سازو سامان کی خریداری پر پورا خرچ نیشنل اینڈ انٹرنیشنل فٹ بالرز فورم کے ممبران نے خود کیا۔ این آئی ایف ایف جنوری 2021کے مہینے میں جموں کے لئے جموں  خطے کی اکیڈمیز میں کٹ کی تقسیم کا ایک اور تقریب منعقد کرنے جارہی ہے۔تقریب میں نیشنل اینڈ انٹرنیشنل فٹ بالرز فورم کے ورکنگ کمیٹی چیئر مین بشیر احمد ملک بھی شریک ہوئے۔