کولمبو//بین الاقوامی سطح پر قدم رکھنے والے مہیش ٹیکشنا کو ایک اور اچھی خبر ملی جب انہیں آئندہ ٹی۔20 ورلڈ کپ کے لیے سری لنکن ٹیم کے لئے منتخب کیا گیا۔ اس 21 سالہ آف اسپنر کے علاوہ بھانوکا راج پاکسے کو بھی اس اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے ۔یہ فہرست جمعہ کو جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ٹی۔20 انٹرنیشنل ٹیلی کاسٹ کے دوران سامنے آئی۔ ٹیم کمپوزیشن کی بات کریں تو ٹیم کے تین اہم اسپنر ونندو ہاسارنگا ، پروین جے وکراما اور مہیش ٹیکشنا ہیں جبکہ فاسٹ بولنگ کے شعبے میں دشمنت چمیرا ، بنورا فرنانڈو اور چمیکا کرونارتنا شامل ہیں۔ تجربہ کار وکٹ کیپر بلے باز کوسل پریرا کی واپسی کی وجہ سے منوڈ بھانوکا کو جگہ نہیں مل پائی ہے ۔پریرا اور دنیش چنڈی مل کا تجربہ نسبتا ناتجربہ کار سری لنکن بیٹنگ لائن اپ کے لیے بہت مفید ثابت ہو سکتا ہے ۔کوالیفائر مرحلے میں سری لنکن ٹیم کو نامیبیا ، آئرلینڈ اور نیدرلینڈ کا سامنا کرنا ہوگا۔ اس سے پہلے وہ عمان کے خلاف 7 اور 9 اکتوبر کو دو ٹی۔ 20 انٹرنیشنل مقابلے کھیلے گی۔