ٹیولپ فیسٹیول 3اپریل سے مشیر بصیر خان نے اعلی سطحی میٹنگ میںانتظامات کا جائیزہ لیا

سرینگر// لفٹینٹ گورنر کے مشیر بصیر احمد خان نے کل 3 اپریل سے شروع ہونے والے ٹیولپ فیسٹیول کے انتظامات کا جائیزہ لینے کیلئے ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی ۔میٹنگ میں ٹیو لپ فیسٹیول کے کامیاب انعقاد کیلئے کئے گئے متعدد اقدامات پر روشنی ڈالی گئی ۔میٹنگ میں کمشنر سیکرٹری فلوریکلچر شیخ فیاض احمد اور سیکرٹری سیاحت سرمد حفیظ نے شرکت کی ۔ اس موقعہ پر مشیر نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ میلے کوکامیاب بنانے کیلئے لائین ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ ہم آہنگی اور تعاون سے کام کریں ۔مشیر نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ ٹیو لپ فیسٹیول کے دوران روزانہ کی سرگرمیوں کے حوالے سے تمام پہلوؤں کا جائیزہ لیں ۔ تمام اقدامات احتیاط کے ساتھ اٹھائے جائیں تا کہ ملک اور بیرون ملک کے سیاح اس میلے کی طرف راغب ہوں ۔ مشیر نے کہا کہ آنے والا ہفتہ بہت اہم ہے کیونکہ پھول پوری طرح سے کھلیں گے جو قومی اور بین الاقوامی سیاحوں کیلئے بڑی توجہ کا مرکز بنیں گے ۔ انہوں نے افسران کو صفائی ستھرائی ، ٹریفک نظام ، ہنگامی خدمات ، ثقافتی سرگرمیاں ، میوزیکل فوارے ، سڑک کی سجاوٹ اور دیگر اقدامات پر خاص توجہ دینے پر زور دیا ۔ مشیر نے کووڈ وباء کے رہنما خطوط پر عمل پیرا رہنے پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ یہاں سیاحوں کی بہتات ہے اور وہ پہلے ہی بڑی تعداد میں ٹیولپ گارڈن کا دورہ کر رہے ہیں اور ہمیں اس کی صلاحیت کو بروئے کار لانا چاہئیے ۔ یہ فیسٹیول حقیقی طور پر ایک تہوار کی طرح نظر آنا چاہئیے ۔ مشیر نے فیسٹیول کے دوران علاقے کی صفائی ستھرائی کے مناسب انتظامات اور ٹریفک کے بہتر نظام پر بھی زور دیا تا کہ سیاحوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ سیکرٹری سیاحت نے ٹیو لپ فیسٹیول کی کامیابی کیلئے محکمہ کی جانب سے کئے گئے انتظامات کے بارے میں تفصیلی جانکاری دی ۔