لیڈز/یو این آئی/ / ٹیم انڈیا لارڈز میں دوسرے ٹیسٹ میں 151رنز کی شاندار جیت کے بعد بدھ کو ہیڈنگلے میں شروع ہونے والے تیسرے ٹیسٹ میں اپنی برتری کو مستحکم کرنے کی کوشش کرے گی۔ہندوستان نے اپنا آخری ٹیسٹ اگست 2002 میں اس گراؤنڈ پر کھیلا تھا اور اسے ایک اننگز اور 46 رنز سے جیتا۔ اس سے قبل جون 1986 میں ہندوستان نے اس گراؤنڈ پر انگلینڈ کو 279 رنز سے شکست دی تھی۔ اس ریکارڈ کو دیکھتے ہوئے ہندوستان لیڈز میں اپنی برتری 2-0 تک بڑھانے کی توقع کر سکتا ہے ۔ دوسری جانب انگلینڈ نے پاکستان کو اس گراؤنڈ پر اپنے آخری دو ٹیسٹ میچوں میں ایک اننگز اور 55 رنز اور آسٹریلیا کو ایک وکٹ سے شکست دی تھی۔ اس ریکارڈ کو دیکھتے ہوئے انگلینڈ سیریز میں واپسی کی توقع کر سکتا ہے ۔لیکن ہندوستان نے لارڈز کے تاریخی میدان میں پانچویں اور آخری دن انگلینڈ کو 120 رن پر ڈھیر کرنے جیسا جو مظاہرہ کیا تھا، اسے دیکھتے ہوئے ہندوستان کا تیسرے ٹسٹ میں بھی پلڑا بھاری مانا جاسکتا ہے ۔چاروں ہندوستانی فاسٹ بولرز نے واقعی اچھی بولنگ کی اور انگلینڈ کے بلے بازوں کو زیادہ موقع نہیں دیا۔ اس سال اپریل میں برفانی طوفان نے ہیڈنگلے کے میدان کو مکمل طور پر ڈھانپ لیا تھا اور گلیمورگن اور یارکشائر کے درمیان کاؤنٹی میچ ڈرا پر ختم ہوا تھا۔
ٹیم انڈیا لارڈزمیں برتری کو مضبوط کرنا چاہے گی
