نئی دہلی// ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے ا سٹار اسپنر روی چندرن اشون اور رویندر جڈیجہ کو آسٹریلیا کے خلاف ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کرنے کا تحفہ آئی سی سی کی تازہ ترین عالمی درجہ بندی میں چوٹی کا مقام حاصل کرکے ملا ۔ یہ پہلا موقع بھی ہے جب دو اسپنروں نے مشترکہ طور پر ٹیسٹ گیندبازی رینکنگ میں نمبر ایک کا مقام حاصل کیا ہے ۔ہندوستان نے آسٹریلیا کے خلاف پہلا ٹیسٹ ہارنے کے بعد دوسرے ٹیسٹ کو چار دنوں کے اندر اندر ختم کرتے ہوئے 75 رن سے شاندار جیت اپنے نام کی تھی اور سیریز میں بھی 1-1 کی برابری حاصل کر لی ہے ۔ہندوستانی کھلاڑیوں کی کارکردگی کا اثر آئی سی سی کی تازہ ٹیسٹ رینکنگ پر بھی ہوا ہے جس میں دونوں اسٹار اسپنر اشون اور جڈیجہ مشترکہ طور پر نمبر ون رینکنگ پر پہنچ گئے ہیں۔ٹیسٹ گیندبازی رینکنگ میں تجربہ کار آف اسپنر اشون اپنے پہلے مقام پر برقرار ہیں جبکہ لیفٹ آرم اسپنر جڈیجہ کو بنگلور ٹیسٹ میں سات وکٹ حاصل کرنے کی بدولت چوٹی کا مقام ملا ہے ۔ ٹیسٹ سے پہلے دوسری رینکنگ کے کھلاڑی جڈیجہ کی یہ کیریئر کی بہترین درجہ بندی ہے ۔ جڈیجہ کواپنی کی کارکردگی سے 32 ریٹنگ پوائنٹس کا فائدہ ہوا ہے جبکہ اشون کو 14 ریٹنگ پوائنٹس کا فائدہ پہنچا ہے اور اب دونوں گیند بازوں کے برابر 892 ریٹنگ پوائنٹس ہیں۔ اشون نے میچ میں آٹھ وکٹ لئے تھے ۔ آئی سی سی رینکنگ میں یہ پہلا موقع ہے جب دو اسپنروں نے مشترکہ طور پر نمبر ایک رینکنگ حاصل کی ہے جبکہ نوسال کے بعد دو گیندباز مشترکہ طور پر چوٹی پر پہنچے ہیں۔ آخری بار اپریل 2008 میں جنوبی افریقہ کے تیزگیندباز ڈیل اسٹین اور سری لنکا کے اسپنر مرلی دھرن مشترکہ طور پر نمبرایک گیندباز بنے تھے ۔ تاہم ہندوستانی ٹیسٹ کپتان کو بلے بازی کی رینکنگ میں ایک جگہ کا نقصان اٹھانا پڑا ہے ۔ وراٹ کا اب تک آسٹریلیا کے خلاف دونوں ٹیسٹ میچوں میں کارکردگی مایوس کن رہی ہے ۔