سرینگر// سینٹرل کنٹریکٹرس کارڈی نیشن کمیٹی نے کھنہ بل سے وادی بھر کے اضلاع کا دورہ شروع کرتے ہوئے اُن کے واجب الادا رقومات کی ادائیگی،واحد ٹینڈر نظام کی منسوخی اور تعمیراتی کاموں میں انتظامی معاہدہ کی منظوری کا مطالبہ کیا۔ کمیٹی کے جنرل سیکریٹری فاروق احمد ڈار نے ضلع کے ٹھیکیداروں کی میٹنگ کے دوران درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔ میٹنگ میں تمام محکموں کے ٹھیکیداروں نے شرکت کی،جس کے دوران انہوں نے اپنے درپیش مسائل کو پیش کیا۔میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے ڈار نے حکام پر زور دیا کہ وہ ٹھیکیداروں کے واجب الادا رقومات کی ادائیگی کی جائے۔ انہوں نے انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ ٹھیکیداروں کو سرکاری ٹریجریوں میں’’ ای چالان‘‘ کا نظام ختم کریں کیونکہ ان ٹریجریوں پر پہلے ہی بہت زیادہ بوجھ ہے اور ٹھیکیداروں کو کافی وقت ان’’ ای چالانوں‘‘ کو لانے کیلئے صرف کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس کے برعکس اپنے ہی محکمہ جات میں یہ نظام قائم کیا جائے یا ای چالان کیلئے ان محکموں میں محکمہ اکاونٹس اینڈ ٹریجریز کے افسران کو تعینات کیا جائے۔ واحد ٹینڈ ر نظام پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ڈار نے کہا کہ اس سے مقامی ٹھیکیداروں کو کافی زیادہ نقصانات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے،جبکہ سرکاری خزانے پر بھی اضافی بوجھ پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرون جموں کشمیر کے ٹھیکیداروں کو واحد ٹینڈ رنظام کے ذریعے تعمیراتی کام تفویض کئے جاتے ہیں،جس سے خزانہ عامرہ پر جہاں اضافی بوجھ پڑتا ہے،وہیں یہ عمل براہ راست مقامی ٹھیکیداروں کے روزگار پر شب خون مارنے کے مترادف ہے۔ میٹنگ میں سجاد احمد وید، عمر جاوید خان،اشفاق احمد ،معراج الدین گنائی،بلال احمد صوفی،شوکت احمد اور گلزار احمد کے علاوہ محمد متین بھی موجود تھے۔
ٹھیکیداروں کا درپیش مسائل پر تبادلہ خیال | و احد ٹینڈر نظام،ای چالان کا خاتمہ اور واجب الادا رقوم کی ادائیگی کا مطالبہ
