ٹھٹھہاربانہال میں محکمہ بجلی کے خلاف احتجاج

بانہال// بانہال اے کی پنچایتوں اور علاقوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے بجلی کی ابتر صورتحال کے خلاف اتوار کو گرڈ اسٹیشن ٹٹھہار بانہال کے احاطے میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔ احتجاج میں مقامی لوگوں کے علاوہ علاقے کے سرپنچوں ،پنچوں اور بلاک ڈیولپمنٹ چیئرپرسن بانہال نے بھی حصہ لیا اور گرڈا سٹیشن سے بجلی کم از کم ایک گھنٹے تک احتجاج کے طور کاٹ دی۔ لوگوں کا الزام ہے کہ سب ٹرانسمیشن ڈویژن ادھمپور اور محکمہ بجلی کی لاپرواہی کی وجہ سے بانہال میں بجلی کا نظام درہم برہم ہے اور چوبیس گھنٹوں میں چند گھنٹے ہی بجلی فراہم کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کی غیر اعلانیہ کٹوتی اور فیس میں اضافہ سے صارفین پریشان ہیں اور سرکاری سطح پر عوامی مشکلات کو نظرانداز کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ علاقہ ہردیش بشمول چریل اور ٹھٹھہار نوگام پچھلے چند مہینے سے بجلی کی عدم دستیابی کی وجہ سے پریشان ہیں ۔ انہوں نے گورنر انتظامیہ سے اپیل کی کہ گرڈا سٹیشن ٹٹھہار بانہال اور رسیونگ سٹیشن چریل اور بانہال کے علاوہ 44 کلومیٹر ٹرانسمیشن لائین کو فوری طور اپ گریڈ کیا جائے اور ترسیلی نظام میں بہتری لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف کروڑوں اور اربوں کی رقم باقی انتخابات پر خرچ کئے جارہے ہیںتو دوسری طرف زمینی سطح پر عوامی مشکلات سے دوچار ہے۔لوگوں کا کہنا ہے کہ 370 ہٹانے کے بعد اور بیک ٹو ولیج میں تعمیر وترقی کے سبھی وعدے سراب ثابت ہورہے ہیں۔اس دوران محکمہ بجلی کے سب ٹرانسمیشن ڈویژن حکام نے انہیں یقین دلایا کہ وہ بجلی سپلائی کی بہتری کیلئے ہر ممکن اقدام کریںگے ۔اس موقع پر بلاک ڈیولپمنٹ چیئرپرسن بانہال راشدہ بیگم ، سرپنچ گنڈ ٹھٹھہار عبدالجبار حجام ، سرپنچ محمد حسین الور ٹھٹھہار ، سرپنچ تکیہ ٹھٹھہار شبیر احمد، سرپنچ چریل قیصر حمید، سرپنچ لامبر عقیل احمد بیگ ، صدر ریلوے مارکیٹ بانہال فیاض احمد ریشی، معروف سماجی کارکن نظیر احمد خان ، ایڈوکیٹ خورشید رمضان وانی اور شبیر احمد تانترے شامل تھے۔