ٹھوس نتائج کے حصول کیلئے اجتماعی کوششیں لازمی : آسیہ نقاش

 سرینگر//وزیر مملکت برائے صحت و طبی تعلیم ، سماجی بہبود اور مکانات و شہری ترقی آسیہ نقاش نے کہا کہ زمینی سطح پر ٹھوس نتایج کے حصول کیلئے اجتماعی کوششیں لازمی ہیں ۔ وزیر نے اس کا اظہار زیارت حضرت بل میں جاری تجدیدی کاموں کاجائیزہ لینے کے دوران کیا ۔ انہوں نے کہا کہ تجدیدی پروجیکٹوں کی تکمیل سے متبرک زیارت گاہ اور اس سے ملحقہ علاقوں کی دیدہ زیبی یقینی بنے گی ۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ وہ ان کاموں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے اجتماعی طور کوشاں رہیں ۔ مقررہ مدت تک کاموں کی تکمیل پر زور دیتے ہوئے وزیر نے اس پروجیکٹ کو سرما سے قبل مکمل کرنے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے افسران کو منصوبہ بند طریقہ کار کو اپنا کر کام کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت دی ۔ انہوں نے زیارت گاہ کی لینڈ سکیپنگ ، چراغاں ، وضو خانوں کی تعمیر و تجدید کو فوری طور مکمل کرنے کیلئے کہا ۔