ڈوڈہ //ٹھاٹھری سب ڈویژن کی تحصیل کاہرہ کے مضافات کو جوڑنے والی رابطہ سڑکوں پر برف نہ ہٹانے پر سیول سوسائٹی نے انتظامیہ کی عدم توجہی پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے تعمیراتی ایجنسی کے خلاف غم و غصہ کا اظہار کیا ہے۔کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے نوجوان سماجی کارکن رفاقت میر نے کہا کہ جہاں کاہرہ کی اندرونی دیہات کو جوڑنے والی رابطہ سڑکوں و پگڈنڈی راستوں سے برف نہ ہٹانے کی وجہ سے مقامی لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ روز ایک عمر رسیدہ بیمار خاتون کو کوسوں کلومیٹر دور اٹھا کر ہسپتال تک پہنچایا گیا۔میر نے کہا کہ علاقہ پانی کی بھی قلت پائی جاتی ہے۔ادھر ایک اور نوجوان سماجی کارکن بابر احمد کے مطابق پانچ کلو میٹر کاہرہ ٹانٹا سڑک پر برف نہیں ہٹائی گئی ہے جس کے نتیجے میں سڑک پر بھاری پھسلن پیدا ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ایم جی ایس وائی کی زیر نگرانی سڑک پر سفر کرنا کسی خطرے سے خالی نہیں ہے۔انہوں نے مزید الزام لگایا کہ تعمیراتی ایجنسیاں طرف کے نام پر سالانہ لاکھوں روپے کی فرضی بلیں سرکاری خزانے سے نکالتے ہیں لیکن زمینی سطح پر کارکردگی صفر کے برابر ہوتی ہے۔ انہوں نے ضلع و سب ڈویژنل انتظامیہ سے متعلقہ اداروں کو جوابدہ بنانے و علاقہ میں پانی، بجلی و سڑک رابطوں کی بحالی کا مطالبہ کیا ہے۔
ٹھاٹھری کی تحصیل کاہرہ میں بنیادی سہولیات کا فقدان
