ٹنگمرگ کی بیشتر سڑکیں کھنڈرات میں تبدیل | لوگوں کو عبورومرور میں مشکلات درپیش،حکام سے مداخلت کی اپیل

بارہمولہ// ٹنگمرگ بارہمولہ کی بیشتر رابطہ سڑکیں کھنڈرات میں تبدیل ہوچکی ہیں جس کے نتیجے میں مقامی لوگوںاور ٹرانسپورٹروں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہاہے ۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ وانی گام سے کلہامہ سڑک خستہ ہوچکی ہے جس کے نتیجے میں مقامی آبادی کو سخت مشکلات درپیش ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دس برسوں سے اس سڑک کو مسلسل نظر انداز کیا گیا ہے جس کی وجہ سے یہ سڑک بارشوں کے دوران جھیل کا منظر پیش کرتی ہے ۔ اسی طرح پارسوانی ،بنہ گام ، کچھمتی پورہ کنزر ،اوگمنہ سے دردپورہ، وانلو ، حاجی بل ، چھاندل، ،دارہامہ ، دارکشی کے علاوہ کئی علاقوں کے لوگوں نے محکمہ آر اینڈ بی پرالزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ان علاقوں کی رابطہ سڑکیں خستہ حال ہیں لیکن ان  کی مرمت پرتوجہ نہیں دی جارہی ہے ۔ ایک مقامی شہر ی منیر احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ یہاں کی بیشتر سڑکوں کی حالت ناگفتہ بہ ہے جبکہ سڑک پر جگہ جگہ گہرے کھڈ بن چکے ہیں اورٹرانسپورٹروںو مسافروں کوسخت مشکلات کا سامنا ہے ۔لوگوں نے گورنر انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ علاقے کی سڑکوںکی فوری طورمرمت کی جائے۔