ٹنگمرگ کانوجوان سعودی عرب میں سڑک حادثے میں لقمہ اجل

نیوز ڈیسک
 

سری نگر//ٹنگمرگ علاقے کا ایک 27سالہ نوجوان ہفتے کے روز سعودی عرب میں ایک سڑک حادثے میں لقمہ اجل بن گیا جب کہ یہاں اس کے اہل خانہ نے جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر کی قیادت میں انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ وہ آخری رسومات کی ادائیگی کیلئے لاش کی وطن واپسی میں ان کی مدد کریں۔

 

خبر رساں ایجنسی- کشمیر نیوز آبزرور (کے این او) کے مطابق ایک نوجوان محمد یونس میر ولد محمد سید اللہ میر ساکنہ گویگام تحصیل کوارہامہ ٹنگمرگ کی سعودی عرب کے علاقے گیزان میں صبح ساڑھے 3بجے کے قریب ایک سڑک حادثے میں موت ہو گئی۔ جب وہ نماز تہجد ادا کرنے کے بعد اپنی رہائش گاہ کی طرف واپس جا رہے تھے۔

 

محمد یونس جو اپنے خاندان کا واحد روٹی کمانے والا تھا، سعودی عرب میں الامان نامی ریستوران میں کافی بوائے کے طور پر کام کرتا تھا۔

 

لواحقین نے کے این او سے بات کرتے ہوئے انتظامیہ سے اپیل کی کہ وہ متوفی نوجوان کی لاش کی واپسی میں ان کی مدد کریں۔

 

متوفی کے رشتہ داروں نے کہا،”ہم انتظامیہ خاص طور پر لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ ہمارے پیارے کی لاش کو آخری رسومات کے لیے واپس لانے میں مدد کریں”۔