ٹنگمرگ میں سڑک حادثہ ،موٹر سائیکل سوار ہلاک | خادنیار بارہمولہ میں نوجوان جہلم میں غرقآب

ٹنگمرگ+بارہمولہ//ٹنگمرگ میں سڑک کے ایک دلدوز حادثے میں نوجوان موٹر سائیکل سوار لقمہ اجل بن گیا جبکہ خادنیار بارہمولہ میں ایک نوجوان دریائے جہلم میں نہاتے ہوئے غرقآب ہوگیا۔بدھوار کودرورو ٹنگمرگ میں موٹرسائیکل زیر نمبر JK04B/8915  پر سوار 22سالہ نوجوان ارشاد احمد ریشی ولد غلام رسول ساکنہ پارسوانی ٹنگمرگ ایک ٹپر سے ٹکرا کر شدید طور زخمی ہوگیا ۔مذکورہ نوجوان کو فوری طور ٹنگمرگ سب ڈسڑکٹ اسپتال سے جے وی سی اسپتال سرینگر منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ بیٹھا۔ ادھر جونہی مذکورہ نوجوان کی لاش آبائی گاوں لائی گئی تو وہاں صف ماتم بچھ گئی ۔ ٹپر ڈرایئور نے گاڑی سمت خود کو ٹنگمرگ پولیس کے حوالے کیا ہے۔ اس سلسلے میں پولیس تھانہ ٹنگمرگ نے ایک کیس زیر نمبر 77/2021 درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے۔ادھر  / شمالی قصبہ بارہمولہ کے خادنیار علاقے میں ایک نوجوان دریائے جہلم میں غرقآب ہوگیا۔بارہمولہ قصبے کے لڑکوں کا ایک گروپ بدھ کی سہ پہر ایکو پارک کے قریب خادنیار علاقے کے قریب دریائے جہلم میں نہا رہا تھاجس میں محمد حافظ ولد عبدالرشید ساکن کانلی باغ بارہمولہ بھی شامل تھاجو پانی کے بہائو میں بہہ گیا۔ اگرچہ لڑکے کے دیگر ساتھیوں اور قریبی لوگوں نے اسے بچانے کی کوشش کی تاہم اسے پانی سے مردہ حالت میں برآمدکیا۔محمد حافظ کی لاش جب گھر لائی گئی تو وہاں کہرام مچ گیا۔