ٹریفک پولیس کی سختی ، ٹیپ ریکارڈ ر توڑ دیئے

سرنکوٹ// سرنکوٹ میں ٹریفک پولیس نے قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لاتے ہوئے 66گاڑیوں کے چالان کئے جبکہ 11گاڑیاں ضبط کی گئیں۔ ڈی ٹی آئی پونچھ صداقت قریشی کی قیادت میں ٹریفک پولیس نے سرنکوٹ کے الگ الگ مقامات پر ناکے لگا کرگاڑیوں کی چیکنگ کی جس دوران موسیقی استعمال کرنے والوں سے سختی سے نمٹاگیا اور ان کے ٹیپ ریکارڈ ر توڑ دیئے گئے ۔ٹریفک عملے نے تیزرفتاری کرنے والوں کو بھی معاف نہیں کیا اور اسی طرح سے اﺅر لوڈنگ کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائی کی گئی ۔ڈی ٹی آئی نے بتایا کہ اب کسی بھی غیر قانونی طور پر گاڑی چلانے والے کو بخشا نہیں جائے گااور سختی سے قوانین کی پاسداری کروائی جائے گی ۔مقامی لوگوںنے ٹریفک پولیس کی اس سخت کارروائی پر جہاں سراہنا کی وہیں اس بات پر برہمی کا اظہار بھی کیاکہ ایسی کارروائی پہلے کیوں نہیں کی گئی ۔ انہوںنے کہاکہ اگر پہلے سے ہی اتنی سختی سے نمٹاگیاہوتاتوکئی حادثات رونما نہ ہوتے اور لوگوں کی جانیں نہ جاتی ۔شہزاد خان نامی نوجوان نے بتایا کہ کہ آج پہلی بار سرنکوٹ کی سرزمین پر ٹریفک پولیس کی جانب سے اتنی سختی دیکھی گئی ہے اور یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہناچاہئے ۔