ٹریفک پولیس کی ایک ہفتہ کی کارروائی …22گاڑیاں ضبط، 300کاچالان

راجوری //ٹریفک پولیس نے ایک ہفتہ کے دوران راجوری میں بائیس گاڑیوں کی ضبطی عمل میں لاتے ہوئے تین سو سے زائد گاڑیوں کا چالان کیاہے ۔ذرائع کے مطابق ٹریفک پولیس کی ٹیموں نے ڈی ٹی آئی راجوری ارشاد حسین کی قیادت میں پچھلے ایک ہفتے کے دوران مختلف علاقوں میں ناکے لگاکر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی ۔اس دوران تین سو سے زائد گاڑیوں کا چالان کیاگیاجبکہ بائیس گاڑیاں ضبط کرلی گئیں ۔ذرائع کاکہناہے کہ ٹریفک پولیس سب سے زیادہ توجہ بلند آواز والی موسیقی پر دے رہی ہے اور گاڑیوں میں اس کا استعمال کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جارہی ہے ۔ذرائع نے بتایاکہ راجوری میں دو سوسے زائد گاڑیوں کاچالان اسی وجہ سے ہواہے ۔اس سلسلے میں جمعہ کے روز ٹریفک پولیس نے راجوری کوٹھے دھار ، بھنڈی جمولہ ، مندر گالا اور کنڈی علاقوں میں ناکے لگاکر گاڑیوں کی چیکنگ کی جس دوران کئی گاڑیوں کے مالکان پر جرمانے عائد کئے گئے ۔