سرینگر//شہر میں بدھ کی صبح اس وقت لوگوں کو زبردست ذہنی کوفت کا سامنا کرنا پڑا جب سٹی ٹریفک پولیس کی جانب سے شہر میںبے وقت ٹریفک ایڈوائزری جاری کرکے متعدد روٹوں کو گاڑیوں کیلئے بند کردیاگیا ۔اگرچہ انتظامیہ نے منگل کی شام ہی شہر کے کئی علاقوں میں پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا اور بعد میں رات گئے شہر میں سکولوں کو بند رکھنے کا فیصلہ لیا گیا تاہم بدھ کو غیر متوقع طور پر سٹی ٹریفک پولیس نے ٹریفک ایڈوائزری جاری کی اور شہر میں گاڑیوں کیلئے نیا روٹ پلان جاری کیاجس کی وجہ سے سول لائنز اور دیگر کئی علاقوں میں ٹریفک جام سے لوگوں کو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا ۔ لوگوں نے بتایا کہ ٹریفک پولیس کو چاہئے تھا کہ وہ ایک دن قبل ہی اس طرح کا روٹ پلان جاری کرتے تو عوام کو پریشانیوں کا سامنا نہیں کرنا پڑتا ۔شبیر احمد نامی ایک ڈرائیور نے بتایاکہ وہ سونہ وار میں آدھے گھنٹے تک جام میں گاڑی سمیت پھنس گیا اور گاڑی میں سوار مسافر بھی پریشان ہوگئے ۔اسی طرح بمنہ ،بٹہ مالو ،رام باغ اور بٹہ مالو علاقوں میں بھی ٹریفک جام کے مناظر دیکھنے کو ملے ۔ شہر میں بیشتر سڑکوں پر خار دار تاریں نصب ہونے کی وجہ سے ٹرانسپورٹر پریشان ہوئے جبکہ عوام کو زبردست ذہنی کوفت کا شکار ہونا پڑا ۔
ٹریفک پولیس کا بے وقت روٹ پلان
