ٹریفک پولیس کانیا موٹر سائیکل سکارڈ | گورنر نے ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا

سری نگر// گورنر ستیہ پال ملک نے مسافروں کی حفاظت کے لئے کئے جارہے بہتر اقدامات کے تناظر میں ٹریفک پولیس کے نئے موٹرسائیکل سکارڈ کو ہری جھنڈ ی دکھا کر روانہ کیا۔گورنر کے مشیر کے سکندن ، کے کے شرما ، چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم ، گورنر کے فائنانشل کمشنر امنگ نرولہ ، پرنسپل سیکرٹری ٹرانسپورٹ اصغر حسن سامون اور ٹرانسپور ٹ کمشنر ایس پی وید بھی اس موقعہ پرموجود تھے۔واضح رہے کہ پچھلے مالی سال کے دوران روڈ سیفٹی فنڈ میں سے روڈ سیفٹی آلات اور دیگر سازو سامان خریدنے کے لئے 567.92لاکھ روپے صرف کئے جاچکے ہیں۔گورنر نے محکمہ ٹرانسپورٹ کی کوششوں کی ستائش کرتے ہوئے کہاکہ روڈ سیفٹی کو یقینی بنانے کے لئے مامو ر محکموں کو اچھی حکمت عملی وضع کر کے سڑکوں پر سلامتی کو یقینی بنایا جانا چاہیئے۔گورنر نے سڑک حادثات پر قابو پانے کے لئے ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہاکہ ٹریفک قوانین کی عمل آوری کرنے والے اہلکاروں کو مزید ذمہ داری سے کام کر کے دو پہیہ چلانے والوں پر نظر گزر رکھنی چاہیئے اور معیاری ہیلمنٹ کو یقینی بنایا جانا چاہیئے ۔انہوں نے نوجوانوں میں روڈ سیفٹی قوانین کے بارے میں زیادہ سے زیادہ بیداری کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔چیف سیکرٹری بی وی آر سبھرامنیم نے حکومت کی طرف سے ٹریفک نظامت میں بہتری لانے کے لئے کئے جارہے اقدامات کو اُجاگر کیا جن میں جموں وکشمیر روڈ سیفٹی فنڈ کا قیام بھی شامل ہے ۔انہوں نے شاہراہوں اور دیگر مقامات پر بیداری پیدا کرنے کے لئے سائن بورڈ لگانے کی ضرورت پربھی زور دیا۔ڈاکٹر اصغر حسن سامون نے کہا کہ ریاست میں ٹریفک نظامت میں بہتری لانے کے لئے متعدد اقدامات کئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ جلد ہی ڈیزاسٹر منیجمنٹ جس میں روڈ سیفٹی کی طرف توجہ دی جائے گی میں ڈپلوما روڈ سیفٹی متعارف کئے جائیں گے۔اس موقعہ پر کشمیر میں روڈ سیفٹی کلبوں سے تعلق رکھنے والے طلباء نے ماہرین کے ساتھ تبادلہ خیال کیااور کئی معاملات پر سیر حاصل بحث و مباحثہ کیا۔