ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیاں | پولیس نے پونچھ میں کارروائی عمل میں لائی

پونچھ // ضلع میں ٹریفک قوانین کی خلا ف ورزی کرنے والوں کیخلاف کارروائی عمل میں لاتے ہوئے پولیس نے ڈرائیوروں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہاکہ وہ قاعدہ پر سختی کیساتھ عمل کریں ۔ایس ایچ او پولیس تھانہ پونچھ ایس ڈی سنگھ کی قیادت اور ایس ایس پی پونچھ روہت بسکوترا کی مجموعی نگرانی میں، پی ایس آئی سوہن سنگھ ٹھاکر نے قاضی موہڑہ پونچھ میں ناکا لگایاجہاں انہوں نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں خاص طور پر ان مسافر گاڑیوں کے خلاف سخت کارروائی کی جو زائد مسافروں اور زیادہ کرایہ وصول کر رہے تھے۔انہوں نے کم عمر موٹرسائیکل سوار بچوں کے خلاف بھی ضابطہ کے تحت کارروائی کی اور ان کے والدین کو اس سلسلہ میں آگاہ کیا گیا۔ موٹر وہیکل ایکٹ کے تحت کئی گاڑیوں کے چالان کیے گئے کئی گاڑیوں کو ضبط کیاگیا۔ پی ایس آئی سوہن سنگھ ٹھاکر نے بتایا کہ یہ مہم سڑک ٹریفک حادثات کے خطرے کو دیکھتے ہوئے شروع کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا پونچھ پولیس نے روڈ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کیخلاف مہم شروع کی ہوئی ہے ۔انہوں کہا کہ مسافروں سے زائد کرایہ وصول کرنے، مسافر گاڑیوں میں حد سے زیادہ مسافروں کو لے جانے، کریش ہیلمٹ کے بغیر بائیک چلانے جو کہ انسانی جان و مال کو خطرے میں ڈالتی ہے، کے معاملے کو مدنظر رکھتے ہوئے شہر پونچھ کے مختلف علاقوں میں بیک وقت مختلف ناکے لگائے گئے اور خلاف ورزی کرنے والوں کو سزائیں دی گئیں۔