ٹرمپ کی ثالثی کی پیشکش

بیجنگ//چین نے مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پاکستان اور بھارت کے درمیان ثالث بننے کی پیشکش کا خیرمقدم کرتے ہوئے اپنی بھرپور حمایت کا یقین دلایا ہے۔چینی وزارت خارجہ ترجمان ہوا چونائینگ نے مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے صدر ٹرمپ کی ثالثی کی پیشکش کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری بشمول امریکا مذاکرات کے ذریعے پاک بھارت تعلقات میں بہتری کیلئے مثبت کردار ادا کررہے ہیں۔ترجمان نے اپنے بیان میں صدر ٹرمپ کی ثالثی کی پیشکش پر بھرپور حمایت کا یقین دلاتے ہوئے امید ظاہر کی کہ پاکستان اور بھارت مسئلہ کشمیر سمیت دیگر متنازع معاملات کا بات چیت کے ذریعے حل تلاش کر لیں گے جس سے جنوبی ایشیا میں کشیدگی میں کمی اور امن و استحکام کی راہ ہموار ہوگی۔