عظمیٰ مانیٹرنگ ڈیسک
واشنگٹن// سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ڈیموکریٹ امیدوار کملا ہیریس کا 10 ستمبر کو اے بی سی نیوز پر مباحثے پر اتفاق ہوگیا۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پریس کانفرنس میں کہا کہ وہ ڈیموکریٹ امیدوار کملا ہیریس سے مزید دو مباحثوں کے لیے بھی تیار ہیں۔ری پبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے اس سے پہلے اے بی سی نیوز پر مباحثے سے انکار کردیا تھا۔سروے کے مطابق ڈیموکریٹ امیدوار کملا ہیریس کی مقبولیت کا گراف مسلسل بڑھ رہا ہے ، کملا ہیرس کو ڈونلڈ ٹرمپ پر 8 پوائنٹس کی برتری حاصل ہوچکی ہے ۔دوسری جانب ٹرمپ نے معروف امریکی کمپنی ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے بانی ایلون مسک کے ساتھ انٹرویو کا اعلان کردیا ہے ۔سابق امریکی صدر ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر اس حوالے سے اعلان کیا، جس میں کہا گیا ہے کہ ایلون مسک 12 اگست کو ڈونلڈ ٹرمپ کا انٹرویو کریں گے ۔سوشل میڈیا پر سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ رات ایلون مسک کے ساتھ ایک اہم انٹرویو کرنے جارہا ہوں۔ایلون مسک متعدد مرتبہ سابق امریکی صدر
ڈونلڈ ٹرمپ کی کھل کر حمایت کرچکے ہیں، حال ہی میں قاتلانہ حملے کے بعد ایلون مسک نے ایک مرتبہ پھر سابق صدر کے لیے مکمل حمایت کا اظہار کیا تھا۔ادھرامریکی ریپبلکن صدارتی امیدوار اور سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو قتل کرنے کی کوشش کرنے والے حملہ آور نے گن کلب کی رکنیت لے لی تھی۔’اے بی سی نیوز’ نے جمعہ کو آئیووا کے سینیٹر چک گراسلے کے دفتر کے حوالے سے یہ اطلاع دی۔رپورٹ کے مطابق حملہ آور تھامس میتھیو کروکس نے مبینہ طور پر 10 اگست 2023 کو پنسلوانیا میں کلیئرٹن اسپورٹس مین کے گن کلب میں شمولیت اختیار کی اور وہاں 43 بار دورہ کیا۔تھامس نے 13 جولائی کو ریاست پنسلوانیا میں ایک ریلی کے دوران سابق صدر کو قتل کرنے کی کوشش کی لیکن اسالٹ رائفل سے چلائی گئی گولی مسٹر ٹرمپ کے دائیں کان سے لگی۔ اس دوران امریکی خفیہ سروس کے ایجنٹوں نے حملہ آور کو ہلاک کر دیا۔ فائرنگ سے ایک تماشائی جاں بحق اور دو شدید زخمی ہو گئے ۔فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن واقعے کی تحقیقات کر رہا ہے تاہم حملہ آور کا محرک معلوم نہیں ہو سکا۔