ٹرانسپورٹ انجمنوں کی برہمی

 سرینگر//نوجوان سوموڈرائیورکی ہلاکت کوناقابل برداشت قراردیتے ہوئے شمالی کشمیرکے نجی ٹرانسپوٹروں نے ریاستی سرکارسے مانگ کی کہ آصف اقبال کے غمزدہ کنبے کوبھرپورمعاوضہ فراہم کیاجائے ۔نجی ٹرانسپوٹروں کی مختلف انجمنوں کے ذمہ داروں نے اس ہلاکت کی عدالتی تحقیقات کامطالبہ کرتے ہوئے مانگ کی کہ ملوث اہلکاروں کوقانون کے دائرے میں لاکرقرارواقعی سزادی جائے ۔کے این ایس کے مطابق ٹیکسی ٹورآپریٹرس ایسوسی ایشن کشمیرکے صدربرائے شمالی کشمیر ارشاد احمد آہنگر ،نارتھ کشمیرٹرانسپورٹ کارڈی نیشن کمیٹی کے صدرمحمدشفیع میراورٹرانسپورٹ کارڈی نیشن کمیٹی کپوارہ نے کہاکہ معصوم سوموڈرائیورآصف اقبال کی ہلاکت ایک سفاکانہ قتل ہے جسکی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ۔انہوں نے کہاکہ یہ نوجوان ایک بیمارکواسپتا ل پہنچاکراُسکی زندگی بچانے کیلئے رات کاآرام چھوڑکرگھرسے نکلاتھاتوفوج نے اُس کوگولیوں کانشانہ بناکرابدی نیندسلادیا۔ٹیکسی ٹورآپریٹرس ایسوسی ایشن کشمیرکے جنرل سیکریٹری عبدالحمید نے بھی مانگ کی کہ اس  ہلاکت کے سلسلے میں فوری طور عدالتی تحقیقات کو عمل میں لایا جائے ۔انہوں نے معیادبندتحقیقات کامطالبہ کرتے ہوئے یہ مانگ بھی کی کہ  آصف اقبال کے کنبے کوبھرپورمعاوضہ فراہم کیاجائے۔ٹرانسپورٹ انجمنوں کے ذمہ داروں نے آصف اقبال کے غمزدہ والدین اوردیگرپسماندگان کے ساتھ مکمل یکجہتی اورتعزیت ظاہرکرتے ہوئے یہ یقین دہانی کرائی کہ حصول انصاف تک اس ستم زدہ کنبہ کامکمل ساتھ دیاجائے گا۔