اوڑی //سرحدی قصبہ اوڑی میںمردوزن کی ایک بڑی تعداد نے بجلی ٹرانسفارمر کی مرمت میں تاخیر کو لیکر محکمہ بجلی کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے جس کے نتیجے میں سرینگر مظفر آباد شاہراہ پرگاڑیوں کی آمدروفت مسدود ہوکر رہ گئی۔قصبہ کے بیشتر علاقوں میں بجلی کی آنکھ مچولی سے مقامی لوگوں میں شدید غم و غصہ پایا جارہا ہے۔منگل کی صبح نئی بستی بانڈی نامی علاقہ سے تعلق رکھنے والے لوگ ، جن میں زیادہ تر خواتین شامل تھیں، نے مظفر آباد کی طرف جانے والی شاہراہ پر دھرنا دیا اور احتجاجی مظاہرے شروع کئے۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ علاقے میں نصب بجلی ٹرانسفارمر دو ہفتے قبل خراب ہوگیا تو پورا علاقہ اندھیرے میں ڈوب گیا، تب سے محکمہ کے اہلکار بجلی ٹرانسفارمرکی مرمت کرانے میں لیت و لعل کا مظاہرہ کررہے ہیں۔مظاہرین نے کہا کہ طویل عرصہ گزرجانے کے باوجود ٹرانسفارمر کی مرمت نہیں کی گئی، وہ محکمہ کے اہلکاروں کے بہانوں سے عاجز آچکے ہیں اور آج مجبور ہوکر انہوں نے سڑکوں پر آنے کا فیصلہ کیا۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ ان کا مسئلہ مستقل طور حل کیا جائے تاکہ سخت سردی کے ایام میں انہیں مصائب کا سامنا نہ کرنا پڑے۔احتجاجی مظاہرین نے سڑک پر رکائوٹیں کھڑی کرکے گاڑیوں کی آمدورفت مسدود کردی جس کے نتیجے میں شاہراہ پر کئی گھنٹوں تک ٹریفک جام رہا اور مسافروں کو سخت ذہنی کوفت کا سامنا کرنا پڑا۔انہوں نے ٹرانسفارمر کی تبدیلی تک دھرنا جاری رکھنے کی دھمکی دی اور کہا کہ وہ اس ماہ کی بجلی فیس بھی ادا نہیں کریں گے کیونکہ ان کی بجلی سپلائی ہی منقطع تھی۔بعد میں نائب تحصیلدار اوڑی سید بشارت رسول اور ایس ایچ او اوڑی تبریز احمد خان وہاں پہنچے اور ان کی مداخلت سے یہ احتجاج اگر چہ پر امن طور ختم کیا گیا تاہم مقامی لوگوں نے دھمکی دی کہ اگربجلی ٹرانسفارمر فوری طور نصب نہیں کیا گیاتو وہ اپنے احتجاج میں شدت لانے پر مجبور ہونگے۔(مشمولات کے ایم این)
ٹرانسفارمر کی مرمت میں تاخیر
