ٹرانسفارمروں کی خرابی کی شرح15فیصد کم کرنے کا ہدف:روہت کنسل

 جموں//پاور ڈسکامس جے پی ڈی سی ایل او رکے پی ڈی سی ایل کا مقصد موجودہ برس میں ٹرانسفارمر وںکی خرابی کی شرح کو کم سے کم 15 فیصد تک کم کرنا ہے ۔ پرنسپل سیکرٹری بجلی روہت کنسل نے یہ ہدف آج آئی آئی ٹی جموں میں منعقدہ میٹنگ میں طے کیا۔ پرنسپل سیکرٹری  جموں پاور ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمٹیڈ جے پی ڈی سی ایل ،کشمیر پاور ڈیولپمنٹ کارپوریشن لمٹیڈ ، کے پی ڈی سی ایل اور آئی آئی ٹی جموں کے درمیان مفاہمت نامے کی دستخطی تقریب کی صدارت کر رہے تھے۔ مفاہمت نامے پر دونوں کاپوریشنوں کی جانب سے بالترتیب ایم ڈی  جے پی ڈی سی ایل گرمیت سنگھ اور ایم ڈی  کے پی ڈی سی ایل بشارت قیوم نے دستخط کئے ۔آئی آئی ٹی جموں کی نمائندگی ڈائریکٹر منوج ایس گور نے کی۔اِس موقعہ پر جے پی ڈی سی ایل کے چیئرمین جگ موہن شرما اور دیگر سینئرا فسران بھی موجود تھے۔مفاہمت نامے کے تحت آئی آئی ٹی جموں ڈسٹری بیوشن ٹرانسفارمروں کی خریداری ، تجزیہ اور دیکھ ریکھ کے لئے  حل فراہم کرنے میں مدد کرے گا۔ اِنسٹی چیوٹ سمارٹ ٹیکنالوجیز او رڈیٹا کے تجزیوں کو شامل کرے گا تاکہ صارفین کو احتیاطی دیکھ ریکھ ، ڈیٹا پر مبنی نگرانی ، نقصان کا تجزیہ او رسمارٹ میٹرنگ ٹیکنالوجیز فراہم کی جاسکیں۔معاہدے کے تحت رئیل ٹائم مانیٹرنگ اور اِی۔ گورننس کی سہولیت بھی فراہم کی جائے گی۔ یہ دونوں ڈسٹربیوشن کمپنیوں کے اِنجینئران کی استعداد کار میں اِضافہ کرنے میں بھی سہولیت اورسمارٹ تکنیکی مداخلت بھی فراہم کرے گا۔یہ معاہدہ تحقیق اور مشاورتی منصوبے شروع کرنے اور آئی آئی ٹی طلباء کے لئے اِنٹرن شپ کے مواقع اور اِنجینئران کی تربیت کے لئے کورس ماڈیول تیار کرنے کے لئے فراہم کرتا ہے ۔اِنجینئرنگ اِنسٹی چیوٹ او رڈسٹری بیوشن کمپنیوں کے نامزد ممبران مفاہمت نامے پر عمل درآمد کے لئے مشترکہ ورکنگ گروپس بھی تشکیل دیں گے ۔ مفاہمت نامے کے تحت مشترکہ کوششوں کو بڑھانے کے لئے یوٹی اِنتظامیہ کے ماہرین اور آئی ٹی ٹولز بھی فراہم کئے جائیں گے۔اِس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے پرنسپل سیکرٹری نے اِس مفاہمت نامے کو اکیڈمیا ۔ گورنمنٹ اِنٹرفیس کی ایک بہترین مثال قرار دیا ۔ اُنہوں نے کہا کہ جہاں ڈسکامس بنیادی ڈھانچے کو پہنچنے والے نقصان کی شرح میں بڑے پیمانے پر کمی سے فائدہ اٹھائے گا ۔پرنسپل سیکرٹری بجلی روہت کنسل نے اُمید ظاہر کی کہ تکنیکی مہارت سے پاور کارپوریشنوں کو موزوں اور مؤثر آلات کی خریداری میں مدد ملے گی ۔ اُنہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد نقصانات کو کم کرتے ہوئے صارفین کو بہتر اور معیاری بجلی فراہم کرنا ہے ۔ اُنہوں نے آئی آئی ٹی کے ڈائریکٹر منوج گور کی تعاون اور فعال نقطہ نظر کی بھی تعریف کی۔آئی آئی ٹی کے ڈائریکٹر منوج گور نے اِس اقدام کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک طویل اور باہمی طور پر فائدہ مند تعلقات کا آغاز ہوگا ۔ فیکلٹی کے ممبران اور طلباء کی طرف سے ڈسکامس کے مسائل کو حل کرنے پر ایک پرزنٹیشن بھی پیش کی گئی۔