ٹرانسفارمروں اورترسیلی لائینوں کی مرمت کیلئے5 کروڑ روپے واگذار

سرینگر//وادی میں حالیہ شدید بارشوں اور برفباری کے پیش نظر کمشنر سیکریٹری پاور ہردیش کمار سنگھ نے کنٹرول روم بمنہ کا دورہ کرکے کشمیر کے مختلف اضلاع کو فراہم کی جارہی بجلی سپلائی کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔انہوںنے بجلی کی موجودہ صورتحال کے بارے میں چیف انجینئر ایس اینڈ او جاوید یوسف ڈار ،چیف انجینئر ایم اینڈ آر ای حشمت قاضی اوردیگر آفیسران کے ساتھ بھی تبادلہ خیال کیا۔ہردیش سنگھ نے اننت ناگ اور پلوامہ سمیت جنوبی کشمیر کے کئی علاقوں کا دورہ کرکے وہاں بجلی سپلائی کی بحالی کے کام کاجائزہ لیا ۔کمشنر سیکریٹری نے 132کے وی لائینس کی فوری مرمت کی بھی ہدایت دی۔جسے شوپیان ،لِسر،ونپوہ اورکولگام کی فوری مشکلات کا ازالہ کیا جانا چاہیے۔ہردیش سنگھ نے 24گھنٹوں کے دوران بھی 80فیصد بجلی کی سپلائی بحال کرنے کے لئے پی ڈی ڈی کے ملازمین کی ستائش کی۔انہوںنے یقین دہانی کرائی کہ جنوبی کشمیر کے باقی ماندہ علاقوں میں کل تک بجلی بحال کی جائے گی۔انہوںنے مزید کہا کہ گورنر کی طرف سے ناکارہ ٹرانسفارمروں اورترسیلی لائینوں کی مرمت کے لئے پانچ کروڑ روپے واگذار کئے جارہے ہیں۔