ٹاٹا سومو ڈرائیوروں کی لوٹ کھسوٹ جاری

مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کی مختلف رابطہ سڑکوں پر ٹا ٹا سومو ڈرائیورں کی لوٹ کھسوٹ مسلسل جاری ہے جس کی وجہ سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔مسافروں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ اسسٹنٹ ریجنل ٹرانسپورٹ آفیسر کی جانب سے جاری کر دہ کرایہ لسٹ کو یکسر نظرا نداز کیا جارہا ہے جبکہ ان سے مسلسل اضافی کرایہ وصول کیا جارہا ہے لیکن مقامی و متعلقہ انتظامیہ کی جانب سے ڈرائیوروں کیخلاف کوئی کارروائی ہی نہیںکی جارہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ اسسٹنٹ ریجنل ٹرانسپورٹ آفیسر کی جانب سے ٹاٹا سومو میں سات سواریاں لوڈ کرنے کی اجازت دی گئی ہے لیکن ڈرائیور اکثر 11اور 12سواریاں لوڈ کررہی ہیں لیکن ٹریفک حکام کی جانب سے بھی کارروائی عمل میں نہیں لائی جارہی ہیں ۔مقامی لوگوںنے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ مینڈھر کی رابطہ سڑکوں پر مسافر بسیں لگائی جائیں تاکہ غریب عوام کو لوٹ کھسوٹ سے بچایا جاسکے ۔اسسٹنٹ ریجنل ٹرانسپورٹ آفیسر پونچھ نے کہا کہ لوگوں کو چاہئے کہ وہ مقرر کردہ کرایہ ہی دیں ۔