وی ڈی سی کو وی ڈی جی کا نام دیکر بحال کرنا انتہائی تشویشناک : نیشنل کانفرنس

سری نگر//جموں کشمیر نیشنل کانفرنس نے وی ڈی سی کو وی ڈی جی کا نام دیکر دوبارہ بحال کرنے کے اقدام کی شدید الفاظ میں مذمت اور تشویش کا اظہار کیاہے۔
پارٹی کے ترجمان عمران نبی ڈار نے اپنے ایک بیان میں کہاکہ حکومت نے یہ اقدام کرکے اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ جموں وکشمیر کے حالات بد سے بدتر ہوگئے ہیں اور نوبت یہاں تک آن پڑی ہے کہ اب حکومت کو ولیج ڈیفنس گروپس (VDGs)کا قیام عمل میں لانا پڑا ہے۔
انہوں نے کہاکہ وی ڈی سی کی وجہ سے ماضی میں بہت سارے بے گناہوں کی جانیں گئیں اور یہی وجہ ہے کہ اسے تحلیل کردیا گیا تھا۔
انہوں نے کہاکہ ماضی میں بیشتر معاملات ایسے سامنے آئے ہیں جن میں وی ڈی سی ممبران نے ذاتی معاملات حل کرنے کیلئے ہتھیاروں کا استعمال کردیا ، جن میں بہت ساری انسانی جانوں کا زیاں ہوا۔
ترجمان نے کہا کہ وی ڈی جی ممبران کی طر فسے کسی بھی قسم کے ناخوشگوار واقعہ کی ذمہ داری براہ راست اسے بنانے والوں پر عائد ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ وی ڈی سی ممبران نے ماضی میں بندوقوں کا ناجائزہ استعمال کیا ہے۔ ماضی میں ان کا رول انتہائی نقصان دہ ثابت ہوا ہے اور اس کے پس منظر میں حکومت کو ایسے کسی بھی اقدام سے اجتناب کرنا چاہئے تھا۔