وی ڈی سی ممبر کا انتہائی اقدام

بھدرواہ //ڈوڈہ کی تحصیل کاستی گڑھ کے بشال شامٹھی گائوں میں ایک وی ڈی سی ممبر(ولیج ڈیفنس کمیٹی)نے اپنی اہلیہ کا قتل کرنے کے بعدخود کو بھی گولی مار کر زندگی کا خاتمہ کردیا ۔پولیس کے مطابق45سالہ وی ڈی سی ممبردھیرج راج ولد مان سنگھ ساکن بشال شامٹھی جو ایس پی او بھی تھا، نے اپنی 42سالہ اہلیہ ارمیلا دیوی کو 303سروس رائفل سے گولی مار کر قتل کردیا اور پھر بعد میں اپنی زندگی کا بھی بندوق کی گولی سے خاتمہ کردیا ۔دوپہر 12بجے بندوق کی گولی چلنے کی آواز سن کر مقامی لوگوں نے پولیس کو مطلع کیا جس پر پولیس ٹیم موقعہ پرپہنچی اور دونوں میاں بیوی کو ہسپتال منتقل کیاجہاں ڈاکٹروں نے دونوں کو مردہ قرار دیا ۔واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے ایس ایس پی ڈوڈہ شبیر احمد ملک نے بتایاکہ ابتدائی رپورٹ سے پتہ چلاہے کہ وی ڈی سی ممبر(ایس پی او )نے اپنی سروس رائفل کا استعمال کرتے ہوئے پہلے اہلیہ اور پھر خود کو گولی ماردی ۔انہوں نے کہاکہ وہ اس حوالے سے تحقیقات کررہے ہیں کہ دھیرج نے یہ انتہائی اقدام کیوں کیا ۔ایس ایس پی کے مطابق پولیس نے واردات میں استعمال ہونے والی سروس رائفل اپنی تحویل میں لے لی ہے اوراس سلسلے میں ایک کیس بھی درج کیاگیاہے ۔